گورکھپور: معروف عالمِ دین مولانا صدام حسین برکاتی مصباحی سڑک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اہلِ خانہ اور احباب نے عوام سے دعائے صحت کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح مولانا برکاتی اپنی بائک پر کوڑی رام، ضلع گورکھپور سے ضلع مئو میں واقع مدرسے جا رہے تھے کہ راستے میں سامنے سے آنے والی تیز رفتار بائک سے ان کی ٹکر ہوگئی۔ حادثے کے فوراً بعد مولانا کے موبائل سے کسی نامعلوم شخص نے ان کی اہلیہ کو اطلاع دی کہ مولانا شدید زخمی ہیں اور ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیے جا رہے ہیں۔ اطلاع دینے والے نے بتایا کہ مولانا کا موبائل ایمبولینس ڈرائیور کے پاس ہے اور مزید معلومات ڈرائیور سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
اطلاع ملتے ہی گھر والے فوری طور پر بتائے گئے اسپتال کے لیے روانہ ہوئے۔ راستے میں معلوم ہوا کہ حالت نازک ہونے کے باعث مولانا کو صدر اسپتال، گورکھپور ریفر کر دیا گیا ہے۔ صدر اسپتال پہنچنے پر گھر والوں نے دیکھا کہ مولانا کو لاوارث ظاہر کر کے ایک بیڈ پر لٹایا گیا تھا۔ اہلِ خانہ نے فوری طور پر اسپتال انتظامیہ کو اپنی شناخت بتائی اور اپنے جاننے والے ڈاکٹروں سے رابطہ کیا۔ فون کالز کے بعد ڈاکٹر موقع پر پہنچے اور علاج شروع کیا گیا۔
علاج معالجے کے دوران ڈاکٹروں نے ابتدائی معائنے کے بعد سٹی اسکین کرانے کا مشورہ دیا۔ سٹی اسکین کرا لیا گیا ہے جس کی رپورٹ سہ پہر 3 بجے تک متوقع ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد ہی حتمی علاج شروع کیا جائے گا۔
اہلِ خانہ کے مطابق مولانا کے دونوں کانوں سے خون بہہ رہا تھا اور انہیں متعدد بار قے بھی آئی ہے، جس سے دماغی چوٹ کا خدشہ ہے۔ آواز دینے پر وہ چند سیکنڈ کے لیے آنکھیں کھولتے ہیں اور پھر بند کر لیتے ہیں۔ صبح حادثے کے بعد سے اب تک وہ ہوش میں نہیں آئے ہیں اور حالت تشویشناک ہے۔
تمام احباب سے مولانا صدام حسین برکاتی کی جلد اور مکمل شفایابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی گزارش ہے۔



