اعظم گڑھ مئو

ایم ایس او آف انڈیا کے وفد کی خانقاہِ کاملیہ ولیدپور میں حاضری

قدمِ رسول ﷺ کی زیارت اور روضۂ چراغِ ربانی پر فاتحہ خوانی

مئو/اعظم گڑھ

ملک کے مختلف علمی و دینی مراکز سے روابط کے استحکام اور طلبہ و نوجوانوں کی ہمہ جہت رہنمائی کے مقصد سے جاری مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (ایم ایس او) آف انڈیا کے دو روزہ دورۂ مدارس کے تحت جامعہ امجدیہ رضویہ گھوسی کے دورے سے واپسی پر تنظیم کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ضلع اعظم گڑھ کے تاریخی قصبہ ولیدپور میں واقع خانقاہِ عالیہ کاملیہ میں حاضری دی۔
وفد نے خانقاہِ کاملیہ کے نائب سجادہ نشین حضرت کمال میاں صاحب سے ملاقات کی، جنہوں نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے خانقاہ کی علمی، روحانی اور اصلاحی خدمات پر روشنی ڈالی اور قدمِ رسول شریف کی زیارت بھی کرائی، جس پر وفد کے اراکین نے روحانی مسرت کا اظہار کیا۔
وفد کے ذمہ داران نے دورۂ مدارس کے اغراض و مقاصد اور ایم ایس او آف انڈیا کی تعلیمی، علمی، ادبی، فکری اور فلاحی سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا، جس پر حضرت کمال میاں صاحب نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کی ترقی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں فرمائیں۔
بعد ازاں وفد نے غوث الوقت، چراغِ ربانی حضرت مولانا محمد کامل نعمانی فاروقی ولیدپوری علیہ الرحمہ کے روضۂ انور پر حاضری دی، فاتحہ خوانی اور ایصالِ ثواب پیش کیا۔ اس موقع پر آپ کی علمی، روحانی اور اصلاحی خدمات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
بتایا گیا کہ حضرت مولانا محمد کامل نعمانی فاروقی علیہ الرحمہ چاروں سلاسلِ طریقت میں صاحبِ اجازت و خلافت تھے اور ظاہری و باطنی علوم کے جامع، صاحبِ کرامت اور اپنے عہد کی ممتاز روحانی شخصیت تھے۔ آپ کا روضۂ مبارک اور خانقاہِ عالیہ کاملیہ آج بھی مرجعِ خلائق ہے، جہاں سے فیوض و برکات کا سلسلہ جاری ہے۔
حضرت مولانا محمد کامل نعمانی فاروقی علیہ الرحمہ نہ صرف ایک عظیم روحانی پیشوا تھے بلکہ علمی و تصنیفی میدان میں بھی آپ کی نمایاں خدمات ہیں۔ آپ نے متعدد کتابیں تصنیف فرمائیں، جن میں ’’منیرِ اعظم‘‘ اور ’’مکتوباتِ چراغِ ربانی‘‘ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ آپ خانقاہِ گلزاریہ کشنی، ضلع امیٹھی کے بزرگ حضرت گلزار شاہ علیہ الرحمہ کے خلیفۂ مجاز تھے، جبکہ حضرت مولانا عبیدالرحمن شاہ منظری دامت برکاتہم العالیہ نے آپ کی حیات و خدمات پر مستند کتاب ’’چراغِ ربانی‘‘ تصنیف کرکے ایک اہم علمی خدمت انجام دی ہے۔
وفد نے خانقاہِ کاملیہ کی دینی و روحانی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مراکز معاشرے میں دینی شعور، اخلاقی اقدار اور صوفیانہ روایات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وفد میں ایم ایس او آف انڈیا کے نائب صدر حضرت مولانا ابو اشرف ذیشان صاحب، صدر ایم ایس او اتر پردیش مولانا ڈاکٹر محمد ارشد خان رضوی اور میڈیا انچارج مولانا مفتی محمد قمر انجم قادری فیضی شامل تھے۔ بعد ازاں وفد اپنے دورۂ مدارس کے اگلے مرحلے کے تحت الجامعۃ الاشرفیہ مبارک پور کے لیے روانہ ہوگیا۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے