کچھوچھہ شریف، نمائندہ خصوصی:
ملک کی ممتاز طلبہ تنظیم مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (ایم ایس او) آف انڈیا کے دو روزہ دورۂ مدارس کے سلسلے میں کل ہند صدر مولانا عارف القادری واحدی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پہلے الجامعۃ الاسلامیہ روناہی کا دورہ کیا۔ بعد ازاں شام کے وقت وفد کچھوچھہ شریف پہنچا، جہاں نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد جامع اشرف کے دفتر میں جامعہ کے ممتاز اساتذۂ کرام سے خصوصی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر شیخ الحدیث جامع اشرف حضرت علامہ مولانا قمر الدین اشرفی، علامہ شاہد ازہری فیضی، علامہ مفتی نوشاد عالم اشرفی جامعی سمیت دیگر اہلِ علم موجود تھے۔
ملاقات کے دوران مدارس اور یونیورسٹیوں کے درمیان تعلیمی روابط کو مضبوط بنانے، طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کی جانب راغب کرنے اور انہیں عصری و جدید علوم سے آراستہ کرنے کے موضوع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایس او آف انڈیا کے قومی صدر مولانا عارف القادری واحدی نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کو یونیورسٹیوں اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کی جانب زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دینی مدارس کے طلبہ روایتی اسلامی علوم کے ساتھ جدید اور عصری علوم میں بھی مہارت حاصل کریں تو یہ ایک مثبت اور انقلابی تبدیلی ثابت ہوگی، جس کے نتیجے میں ایسے باصلاحیت افراد سامنے آئیں گے جو دین و دنیا دونوں میدانوں میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گے۔
اس موقع پر مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آف انڈیا کے نائب صدر مولانا ابو اشرف ذیشان صاحب قبلہ نے کہا کہ جدید تعلیم طلبہ کے لیے معاشی استحکام، بہتر روزگار اور کیریئر کے نئے مواقع فراہم کرے گی، جبکہ قانون، صحافت، بین الاقوامی تعلقات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تاریخ، سیاسیات، ابلاغِ عامہ اور سماجیات جیسے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے بھی کھلیں گے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک کے متعدد مدارس و جامعات نے اپنے نصاب میں جدید مضامین کو شامل کرنا شروع کر دیا ہے، جس سے طلبہ کے لیے یونیورسٹیوں میں داخلہ اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع مزید آسان ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس رجحان کے نتیجے میں ایسے علماء، اسکالرز اور ماہرین تیار ہوں گے جو دینی بصیرت کے ساتھ عصری مسائل کا گہرا فہم رکھتے ہوں اور معاشرے کو مؤثر رہنمائی فراہم کر سکیں۔ ملاقات کے بعد وفد نے حضور سیدنا مخدوم اشرف سمنانی رحمۃ اللہ علیہ کے آستانۂ عالیہ پر حاضری دی، فاتحہ و دعا میں شرکت کی اور نِیر شریف کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔ واضح رہے کہ اس وفد میں ایم ایس او آف انڈیا کے نائب صدر مولانا ابو اشرف ذیشان، ایم ایس او اتر پردیش کے صدر مولانا ڈاکٹر ارشد خان رضوی اور میڈیا انچارج مولانا مفتی محمد قمر انجم قادری فیضی بھی شامل تھے۔



