گورکھپور، سینئر لیکچرر مختار احمد کو میاں صاحب اسلامیہ انٹر کالج بخشی پور (MSI) کا پرنسپل بننے پر استاد اور سینئر سماجی کارکن محمد اعظم، قاری محمد انس رضوی، ایڈوکیٹ ایس ایف احمد نے گلدستہ اور مالا پہنا کر خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی۔

طلبا کالج کا مستقبل ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی : مختار احمد
نئے تعینات ہونے والے پرنسپل مختار احمد نے کہا کہ طلبا اس کالج کا مستقبل ہیں، میں کالج کے طلبا، والدین، فیکلٹی اور عملے کی حوصلہ افزائی کروں گا کہ وہ سخت محنت کریں اور اپنے مقاصد خیر کو حاصل کریں، تعلیم ایک ایسا طاقتور ہتھیار ہے جو ہماری زندگی کو کامیاب بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، طلبہ کو چاہیے کہ اساتذہ کا احترام کریں اور ہر لمحہ ان سے سیکھنے کی کوشش کریں، طلبا کو نظم و ضبط میں رہنا چاہیے اور کالج کے قوانین پر عمل کرنا چاہیے، کھیلوں اور دیگر سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں اور اپنی اور کالج کی ہمہ گیر ترقی میں اپنا حصہ ملائیں، مجھے پورا بھروسہ ہے کہ یہاں کے طلبا اور اساتذہ میری قیادت میں اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کریں گے۔
ایم ایس آئی کالج کا روشن مستقبل متوقع
محمد اعظم اور قاری محمد انس رضوی نے کہا کہ نئے تعینات ہونے والے پرنسپل کی قیادت میں کالج کامیابی اور ترقی کا نیا باب لکھے گا، انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی متعدد آیات بار بار مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کی قدرت میں موجود تمام نشانیوں پر غور و فکر کرنے اور اسے سمجھنے کی دعوت دیتی ہیں، ان حالات میں مسلمانوں کی دینی اور دنیوی علوم سے دوری نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ شرمناک بھی ہے اور ہر طرح کی پسماندگی کی سب سے بڑی وجہ ہے، یہ سخت مقابلے کا دور ہے اور یہ علم پر مبنی معاشرہ جو علم اور مقابلے کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والوں کا انتظار نہیں کرتا، یہ انہیں کچلتا ہے اور آگے بڑھتا ہے، اس دور میں آنے والی نسلوں کے لیے یہ لمحۂ فکریہ بن گیا ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو کس قسم کی تعلیم فراہم کریں؟ تاکہ تمام پہلوؤں سے ہماری ترقی ممکن ہو، تعلیم کا مقصد انسان کو مہذب، نیک اور خود پر منحصر رہنے والا بنانا ہے، اس لیے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات کو اکٹھے ہونے اور تعلیمی نظام میں مختلف تبدیلیاں لانے کی اشد ضرورت ہے، اس موقع پر کالج کے اساتذہ میں سے منظور عالم، شاہگل مسعود، محمد عرفان، محمد جابر علی، تنظیم احمد وغیرہ موجود رہے۔