مالیگاؤں: بتاریخ11؍ مارچ 2022ء بروز جمعرات بعد نمازِ مغرب تا رات دس بجے جامعہ حنفیہ سنیہ رضا پارک دریگاؤں میں جشن دستار بندی و ختم بخاری شریف کی باوقار تقریب منعقد ہوگی۔ جس میں خلیفۂ حضور تاج الشریعہ مصلح قوم حضرت علامہ مفتی محمد اشرف رضا دام فیوضہ(رتن پور گجرات) اپنے دل پذیر انداز میں خطاب فرمائیں گے۔ حضورِ والا اپنے سنجیدہ، علمی، اصلاحی اور فکر انگیز خطاب کی وجہ سے خصوصی شہرت رکھتے ہیں۔ آپ کے بیانات مدلل ہوتے ہیں اور کتاب و سنت کے دلائل سے آراستہ ۔ واضح رہے کہ جامعہ حنفیہ سنیہ کا یہ سالانہ اجلاس ۹۹؍واں ہے، جامعہ اپنے تاسیس کو عنقریب سو سال پورا کرے گا۔ اس موقع پر شہر کی عظیم و قدیم دانش گاہ جامعہ حنفیہ سنیہ کے شعبۂ عالمیت، فضیلت، حفظ و تجوید کے فارغین کی دستار بندی بھی ہوگی۔ اسی بزم میں ختم بخاری شریف کی بابرکت و روح پرور تقریب منعقد ہوگی۔پروگرام میں شرکت کی گزارش منتظمین ، ٹرسٹیان ، اساتذۂ جامعہ حنفیہ سنیہ اور آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء مالیگاؤں نے کی ہے۔
