مہاراشٹرا

ہر پیر کو لنگرِ رسول کی تقسیم، رضا اکیڈمی ممبئی کے پینسٹھ ہفتے اور مسجد نوری عارج خلیل مالیگاؤں کے تیرہ ہفتے مکمل

مالیگاؤں: مسجد و مدرسہ اہلسنت نوری عارج خلیل مالیگاؤں اور رضا اکیڈمی دفتر ممبئی کے احاطے میں حضورِ اکرم مصطفیٰ جانِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے پندرہ سو سالہ جشنِ ولادت کی خوشی میں ہر پیر کو "لنگرِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم” کی تقسیم کا عمل جاری ہے، دھیرے دھیرے اس کا دائرہء کار ممبئی مالیگاؤں کے علاوہ ریاست و ملک کے دیگر شہروں میں بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔ رضا اکیڈمی کے رضوی سلیم شہزاد سے ملی اطلاع کے مطابق مالیگاؤں شہر کی مسجد و مدرسہ اہلسنت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ، رمضانپورہ دیانہ کے ساتھ مسجد و مدرسہ اہلسنت یونس مالیگ علیہ الرحمۃ سے بھی ماہانہ بارہویں تاریخ کو "لنگرِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم” کی تقسیم شروع ہوچکی ہے، رضا اکیڈمی اور آل انڈیا میلاد کونسل کے بانی و صدر الحاج محمد سعید نوری صاحب کے مطابق اس لنگرِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے جاری کرنے کا مقصد جہاں رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے پندرہ سوسالہ ولادتِ پاک کی خوشی پورے سال منانا ہے وہیں قوم و ملت کے صاحبانِ ثروت افراد کو اور مختلف عوامی و فلاحی کام کرنے والے مسلم اداروں کو ضرورت مند افراد کی دیکھ بھال اور غرباء و مساکین کی امداد و اعانت کی جانب متوجہ کرنا بھی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس پیر کو ممبئی دفتر واقع ڈونٹاڈ اسٹریٹ کھڑک کے آنگن سے لنگرِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تقسیم ہوئی جہاں رضا اکیڈمی کے محمد عارف رضوی اور مصطفیٰ رضا امّن میاں، ناظم خان رضوی کے ہاتھوں لنگر کی تقسیم عمل میں آئی، تقسیم سے قبل عالم اسلام کی سربلندی و خوشحالی کی دعا کی گئی، قل شریف کی تلاوت ہوئی اور اس کا ثواب حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیۃً پیش کیا گیا۔ جبکہ مالیگاؤں میں مسجد نوری عارج خلیل کے آنگن سے اس لنگر کی تقسیم کے وقت رضا اکیڈمی کے رضوی سلیم شہزاد، محمد اسمعیل میمن، اصغر بابا و دیگر کی موجودگی میں خطیب و امامِ مسجد حافظ شریف رضوی نے دعا فرمائی اور لنگرِ رسول کی تقسیم کا ثواب نیز قل شریف کی تلاوت کا ثواب بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں نذر کرتے ہوئے تمام مومنین و مومنات کو ایصالِ ثواب کیا اور ملک سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی جان و مال عزت و آبرو اور خوشحالی و شادابی کی دعا فرمائی۔ مالیگاؤں میں لنگر کی تقسیم کے وقت واجد بھائی، محمد ارسلان، احتشام مدثر، محمد سفیان، محمد ندیم، محمد بشارت، تحسین بھائی وغیرہ نوجوانوں نے اپنی خدمات پیش کیں۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے