ایم ایس آئی کالج میں سالانہ جلسۂ سیرت النبی اختتام پذیر
گورکھپور: کسی بھی کام میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے محنت، دیانت، لگن اور عزمِ مصمم کا ہونا بہت ضروری ہے، غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا عقلمند انسان کی پہچان ہے لیکن جو لوگ ایسا نہیں کرتے وہ ہمیشہ کامیابی سے محروم رہتے ہیں، اس لیے اگر آپ کامیابی چاہتے ہیں تو آپ کو مکمل اخلاص و محنت کے ساتھ تعلیم سے جڑنا ہوگا۔
یہ باتیں راجستھان کے ڈاکٹر محمد اعظم بیگ (سابق اسٹوڈنٹ یونین صدر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے کہا، وہ ایم ایس آئی (میاں صاحب اسلامیہ) انٹر کالج میں منعقدہ چار روزہ جلسۂ سیرت النبی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے زندگی کے ہر پہلو میں تمام فرائض خود ادا کیے اور صحابہ کرام و تمام مسلمانوں کو اس پر عمل کرنے کی تلقین کی کیونکہ معاشرتی بدامنی سے بچنے کا واحد طریقہ فرائض کی ادائیگی ہے، اگر ہر شخص اپنی ذمہ داری کو صحیح طریقے سے ادا کرنے لگے تو دنیا میں امن اور ہم آہنگی قائم ہو سکتی ہے، دنیا کے کسی بھی خطے کا کوئی بھی شخص خواہ وہ کسی بھی ذات یا برادری سے تعلق رکھتا ہو، اگر وہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کا کلمہ پڑھتا ہے تو اسلام اسے مسلمانوں کی صف میں برابر کھڑا ہونے کا حق دیتا ہے، انہوں نے کالج انتظامیہ کی کاوشوں کو خوب سراہا۔
کالج کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے منیجر محبوب سعید حارث نے کہا کہ اگر ہم اپنی زندگیوں کو علم سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے تعلیم اور اقدار دونوں کی ضرورت ہوگی، ہر کسی کو یہ چیزیں ضرور حاصل کرنی چاہیے، چاہے وہ مدرسہ میں ہو یا مکتب میں۔
پرنسپل محمد ندیم اللہ عباسی نے مہمانوں کا استقبال کیا، اس موقع پر ظفر احمد خان، مختار احمد، انیس احمد، مرزا رفیع اللہ بیگ، رضوان الحق، محمد جابر، حسن جمال بابوا، شاہد نبی وغیرہ موجود رہے۔
طلبہ کو ملا انعام، کھلے چہرے
پروگرام کے آخری روز طلبہ کے درمیان قرأت، اسلامی کوئز اور تقریر کے مقابلے ہوئے، جس میں محمد سلیم، صفوان، عبدالناصر، سلمان، حسن، سہیل، عقیب الرحمن، یوسف حسن، انس، شاہد، عفان احمد، علقمہ، ثنا تسلیم، شاہنواز، سرفراز علی، شاد، سعدان، شاہد، طاہر، توصیف، یوسف حسن، حسن عمر، محمد سلمان، محمد عاکف، سفیان، عبداللہ، فرحان، ساحل، یوسف کمال وغیرہ طلباء نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مقابلے کے مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد اعظم بیگ نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور کامیاب شرکا کو سرٹیفکیٹس، شیلڈز اور ٹرافیوں سے نوازا۔