نوادہ: ( پریس ریلیز)
مولانا محمد جہانگیر عالم مہجور القادری صدر بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن نوادہ نے مسلم معاشرے کی ناخواندگی کی بڑھتی شرح پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کی دیگر اقوام حصول تعلیم میں سرگرداں نظر آرہی ہیں دیگر مصارف کے اخراجات میں کمی کرتے ہوئے اپنے بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے لئے شب و روز کوشاں رہتے ہیں مگر مسلم معاشرے میں آج بھی تعلیم کی زبردست کمی دکھائی دیتی ہے آج نہ قوم مسلم میں دینی تعلیم کے حصول کا رجحان ہے اور نہ ہی عصری تعلیم حاصل کرنے کی طرف توجہ، اس ترقی یافتہ دور میں ہماری پسماندگی کی سب سے بڑی وجہ تعلیم کی کمی ہے جو قوم تعلیم کی اہمیت و افادیت کو سمجھ رہی ہے آج اسی قوم کی ہر محکمے میں حکومت ہے اور ہم اس کی جی حضوری میں لگے رہتے ہیں جب کہ مذہب اسلام نے روز اول سے ہی تعلیم کے حصول پر زور دیا ہے بانئ اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے تعلیم کے حصول کو ہر مسلمان مرد اور عورت پر فرض قرار دیا ہے اس میں یہ قید نہیں ہے کہ صرف مذہبی تعلیم حاصل کرنا فرض ہے بلکہ دین کی تعلیم کے ساتھ ہی عصری علوم بھی اس میں شامل ہیں ظاہر سی بات ہے کہ ہم جتنی طرح کی زبانیں جانیں گے اس زبان کے جاننے والوں کے درمیان اسلام کی تبلیغ بھی بدرجہ اتم کرپائیں گے ساتھ ہی ساتھ ہر محکمہ میں ہماری قوم نظر آئے گی جس سے ہمارے روزمرہ کے مسائل بھی حل ہوتے رہیں گے۔

مولانا مہجور القادری نے قوم مسلم سے اپیل کی ہے کہ حالات کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اپنے بچے اور بچیوں کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اور معیاری عصری تعلیم بھی دلوائیں شادی بیاہ اور دیگر معاملات میں بے جا اسراف سے بچیں بلکہ اسی پیسے کو جمع کرکے اپنے اپنے علاقوں میں معیاری اسکول،کالج، مدرسہ ،یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی ادارے کھلوائیں تب ہی پوری ملت ترقی کر سکتی ہے۔