دہلی مذہبی گلیاروں سے

اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی ایک اچھے محدث وفقیہ تو تھے ہی ایک عظیم مصلح قوم بھی تھے

ویلکم میں منعقدہ امام احمد رضا کانفرنس میں جامعۃ الرضا کے استاذ مفتی شہزاد عالم مصباحی کا خطاب

نئی دہلی(محمد طیب رضا)
اعلیٰ حضرت امام احمدرضا فاضل بریلوی ایک اچھے محدث وفقیہ تو تھے ہی ایک عظیم مصلح قوم بھی تھے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہر اس برائی کے خاتمہ کے لئے کمر بستہ نظر آئے جو شریعت مطہرہ کے خلاف تھی ساتھ باطل نظریات کا قلعہ قمع کرکے وہ عشق رسالتﷺ کا چراغ روشن کیا۔جامعۃ البرکات خورشید العلوم جنتا کالونی کے زیر اہتمام اللہ والی مسجد کے سامنے اعلیٰ حضرت پارک میں ویلکم میں منعقدہ امام احمد رضا کانفرنس وجشن غوث الوری میں جامعۃ الرضا بریلی کے استاذ مفتی شہزاد عالم مصباحی نے مذکورہ خیالات کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ جو مسلک اعلیٰ حضرت والا ہوگاوہ سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن مذہب اسلام اور آقائے دوعالم ﷺکے خلاف معمولی سے معمولی بات کو کبھی برداشت نہیں کرے گا اس لئے میں اپیل کرتا ہوں کہ اعلیٰ حضرت کی کتابوں اور ان کے مصلحانہ کارناموں کو عوام الناس کے سامنے پیش کریں تاکہ جو ان کے تئیں غلط نظریات ہیں وہ دور ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ فاضل بریلوی نے جس فن پر بھی خامہ فرسائی کی نہ صرف اس کا پورا حق ادا کیابلکہ تحقیق کے ایسے اسرارو رموز پیش کئے جس پر ارباب علم وتحقیق آج بھی انگشت بدنداں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاضل بریلوی نے یوں تو ہزاروں کتب و رسائل کے ذریعہ ملت اسلامیہ کی زلف پریشاں کے سنوارنے کا کام کیا مگر فروغ اسلام و سنت کے جو دس نکاتی پروگرام مرتب کئے ہیں وہ بڑی اہمیت کے حامل ہیں جس پر اہل مدارس کو خصوصی توجہ دینی چاہئے۔مفتی اعظم سنبھل مفتی علاء الدین سنبھلی نے کہا کہ وقت کا تقاـضہ ہے کہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں کیوں کہ جب ہمارے بچوں کے اندر دینی تعلیم ہوگی تو کسی بھی محاذ پر ناکام نہیں ہوں گے کیوں ملک کے حالات ہمارے بچے اور بچیوں کے لئے کسی بھی طور پر سازگار نہیں ہیں ۔قاری الیاس برکاتی نے بچیوں کا ادارہ قائم کرکے بہت بڑاکام کیا ہے جس کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔مولانا فاروق رضا برکاتی نے بھی مدارس اسلامیہ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔افتتاحی خطاب حافظ داؤد رضا نے کیا۔قائد اجلاس و جامعہ کے بانی ومہتمم نے آئے ہوئے جملہ مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور جامعہ کا تعارفی خاکہ پیش کیا۔اجلاس کی صدارت جامعہ کے پرنسپل مفتی محمدفرحان امجدی اور نظامت مولانا یوسف رضا سنبھلی نے کی جبکہ آغاز قاری محسن رضاکی تلاوت قرآن اور حافظ طاہر رضا ،حافظ حق نواز برکاتی ،قاری طاہر حسین اشرفی اور جامعہ کے طلبا کی نعت و منقبت سے ہوا۔سرپرست اجلاس و خانقاہ عالیہ رضویہ بریلی شریف کے سجادہ نشیں علامہ احسن رضا قادری کی رقت انگیز دعاپراجلاس اختتام پذیر ہوا ۔کانفرنس میں مولانا سید انتظار علی قادری ،مفتی منظم علی ازہری ،مفتی شرف عالم قادری،مولانا محمد علی مصباحی ،مولانا مشرف رضا سبحانی،قاری توقیر لطیفی،قاری شاکر حسین ،مولانا شکیل اختر،قاری ناصر حسین،مولانا محمد یامین،مفتی گل محمد،مولانا انور علی مظفرپوری،قاری مرشد عالم،قاری بلال رضا ،حافظ ہاشم پاشا کے علاوہ کثیر تعداد میں ائمہ مساجد و اساتذہ مدارس موجود تھے۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے