اولیائے کرام انسانیت کے سچے ترجمان ہوتے ہیں: وصی احمد چشتی
خانقاہ سلیمیہ نبی دینیہ پپرا شریف چھوڑا دانو میں رازدار وحدت و معرفت حضرت صوفی طاہر محمد سلیم شاہ قادری چشتی علیہ الرحمۃ والرضوان کا 19/واں عرس مبارک نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا عرس مبارک کی سبھی تقریبات سلسلۂ چشتیہ کے اصولوں کے مطابق ادا کی گئی- اس موقع سے قرآن خوانی, میلاد خوانی ,چادر پوشی و گل پوشی کا اہتمام کیا گیا اور سماع کی عام محفل اور خاص محفل کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں فخر قوال اسلم چشتی بیتیاوی اور ان کے ہمنواؤں نے عارفانہ و رندانہ کلام پیش کیا- اس موقع سے خانقاہ کے سجادہ نشیں خادم الفقراء حضرت صوفی وصی احمد شاہ چشتی نے کہا کہ اولیائے کرام اللہ کے مقرب بندہ ہوتے ہیں اور اپنی زندگی کا اک اک لمحہ رضائے مولیٰ کے لیے گزارتے ہیں اور جام عشق رسالت سے سرشار ہوتے ہیں اور دین متین کی تبلیغ و ترویج,انسانیت کی فلاح و صلاح ان کا اہم مشن ہوتا ہے – اولیائے کرام نے مذہب و ملت اور انسانیت کی تحفظ و بقا کے لیے ہرممکن اقدام کیا اور غریب و بے سہارا افراد کی مدد کی اور بلا تفریق مذہب و ملت خدمت خلق کیا جس کی وجہ سے ہر سماج و معاشرہ کے لوگ انہیں عزت و احترام کی نظر سے دیکھتے تھے اور آج بھی سبھی طبقہ کے لوگ ان سے محبت کرتے ہیں اور ان کی بارگاہوں میں حاضری دیتے ہیں- جبکہ پیر طریقت صوفی احسان علی چشتی نے کہا کہ ہمارا پیارا دیش بھارت صوفی سنتوں , رشی منیوں کا دیش ہے اور خواجہ غریب نواز علیہ الرحمہ کی پاکیزہ سرزمین ہے – اولیائے کرام پوری زندگی انسانیت کا درس دیتے رہے اور نفرت و عداوت کی بیخ کنی فرمائی- اس لیے بزرگوں کے ان نظریات و خیالات پیغامات و تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے- جبکہ حضرت حافظ صوفی محمد امام علی شاہ چشتی نے کہا کہ حضرت صوفی طاہر محمد سلیم چشتی علیہ الرحمہ کی خدمات آب زر سے لکھے جانے کے قابل ہے آپ کا آستانہ قومی یکجہتی کی زندہ مثال ہے اخوت و مساوات, عدل و انصاف کا گہوارہ ہے یہاں بلا تفریق مذہب و ملت عقیدت مندان کی حاضری ہوتی ہے اور فیضان سلیمی سے مالا مال ہوتے ہیں –
اس موقع سے حضرت صوفی شفیع احمد شاہ چشتی, ذکی احمد چشتی, رفیع احمد چشتی, مفتی غلام غوث چشتی مصباحی, سمیع احمد چشتی, محمد امجد علی چشتی, محمد جمیل اختر چشتی, مولانا شرف الدین چشتی, مولانا اعجاز احمد قادری,طیب حسین چشتی, عبدالحمید چشتی, محمد یوسف چشتی, قاصد علی چشتی سمیت ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی-