گورکھ پور

حافظ ملت کا منایا گیا عرس پاک، طلبہ کو ملا انعام

گورکھپور، دینی تعلیم کے حوالے سے ایشیا میں ایک الگ پہچان رکھنے والی عربی یونیورسٹی الجامعۃ الاشرفیہ مبارک پور کے بانی حافظ ملت حضرت شاہ عبدالعزیز علیہ الرحمہ کا 50واں عرس پاک ترکمان پور کے مکتب اسلامیات میں ادب واحترام کے ساتھ بدھ کو منایا گیا، بچوں نے قرأت، تقریر، نعت اور منقبت پیش کی، مہمانوں نے بچوں کو انعامات سے نوازا۔

علمائے کرام نے حافظ ملت کی دینی و دنیوی خدمات پر روشنی ڈالی، مفتی شہر اختر حسین منانی نے کہا کہ حافظ ملت مکمل طور پر شریعت کے پیروکار تھے، آپ ہی تھے جنہوں نے لوگوں کو شریعت سمجھائی اور اس پر عمل کر کے بھی دکھایا، اپنی پوری زندگی اللہ، رسول اور انسانوں کی خدمت میں گزار کر دین و دنیا دونوں میں اپنا نام روشن کیا، آپ کا پیغام تھا کہ ’’زمین کے اوپر کام، زمین کے نیچے آرام‘‘ یعنی جب تک انسان زندہ ہے دین اسلام، ملک اور انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے نیک اعمال کرتا رہے تاکہ مرنے کے بعد اس کی قبر میں سکون اور اطمنان ہو سکے۔

مفتی محمد اظہر شمسی نے کہا کہ حافظ ملت نے قوم کو دینی و دنیاوی رہنمائی فراہم کی، مدرسہ مصباح العلوم کو عربی یونیورسٹی الجامعۃ الاشرفیہ میں تبدیل کر دیا، آپ نے توحید، اتحاد اور اتفاق کا پیغام دیا، تاکہ پوری دنیا میں توحید، اتحاد اور اتفاق کی فضا قائم ہو اور قیام امن کو عملی صورت بخشی جا سکے، حافظ ملت 20ویں صدی کی نمایاں شخصیت ہیں، انہوں نے تعلیم و تربیت کے میدان میں عظیم کارنامے سرانجام دیے۔

آخر میں قل شریف کی رسم ادا کی گئی، صلوٰۃ و سلام پڑھ ملک میں امن و امان اور سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں، شیرینی تقسیم ہوئی۔

تقریب میں مولانا دانش رضا اشرفی، حافظ اشرف رضا، شفا خاتون، فضا خاتون، گل افشاں، ثنا، محمد زیب، معراج احمد، نسیم احمد، رحمت علی، محمد علی، ثانیہ، عبدالصمد، سفیان، محمد سلیم، ادیبہ، ثنا خان، عفینہ خاتون، محمد شاد، اشرف علی، محمد توصیف، شازیہ، کنیز، نور فاطمہ وغیرہ نے شرکت کی۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے