موتی ہاری:
جشن عید میلادالنبی کے موقع سے رحمانیہ پبلک اسکول رمڈیہہ میں اسلامی کوئز کا انعقاد کیا گیا جس میں اول پوزیشن فرقان انصاری بن مولانا عمران نذیر درجہ چہارم، دوم پوزیشن صابرین انجم بنت سالم انصاری درجہ چہارم، سوم پوزیشن حسرت علی بن طیب علی درجہ اول نے حاصل کیا انہیں انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ اس موقع سے اسکول کے ڈائریکٹر مولانا رضاء الرحمن حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو دینی و عصری تعلیمات سے آراستہ و پیراستہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ جب تک ہم اپنے بچوں کو اسلامی تعلیمات اور سیرت مصطفٰی سے روشناس نہیں کرائیں گے وہ دین و دنیا کی بھلائی نہیں حاصل کر سکتے ہیں۔ جب ہمارے بچے سیرتِ نبوی سے آشنا ہوں گے تب عشق رسالت کی روشنی میں وہ اپنی زندگی گزار سکیں گے۔ انسان کے اندر انسانیت پیدا کرنے کا سب سے اہم وسیلہ علم ہے۔ علم کی بنیاد پر ہی انسان دیگر مخلوقات سے اشرف و افضل تصور کیا جاتا ہے۔ علم کی وجہ سے ہی انسان پر قدرت کے سبھی افکار و نظریات آشکار ہوتے ہیں۔
اسکول کے ڈائریکٹر ماسٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ اسلامی کوئز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نبی پاک کی سیرت سے واقفیت کی بنیاد پر ہی ہم اپنے ایمان و ایقان کی حفاظت کر سکتے ہیں۔ انعامی مقابلوں کی وجہ سے بچوں کو آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے۔ ان کے اندر سے ہچکچاہٹ نکل جاتی ہے اور اپنے مافی الضمیر کی ادائیگی کرنے کا سلیقہ حاصل ہوتا ہے۔ جمال شبر حیدری نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
اس موقع سے مولانا عطاء الرحمن، جمال شبر، محمد عاشق رضا، راشد جمال، آسیہ گلناز، نور صبا نازنین، فرزانہ خاتون ، بیوٹی کماری، انظار رضا، احمد انصاری سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے۔