گورکھ پور

سج گئے محلے و مساجد، اسلامی جھنڈوں کی بڑھی خریداری

صمد احمد صدیقی
گورکھپور
خبرنامہ ہماری آواز

گورکھپور، آنے والے جمعرات ٢٨/ ستمبر کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تیوہار ادب و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، اسی سلسلے میں شہر کی مساجد اور محلے لائٹوں اور جھنڈیوں سے آراستہ کر دیے گئے ہیں، عقیدت مند اپنے گھروں کو بھی سجا رہے ہیں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر مختلف جگہوں پر اجلاس، محفل درود اور لنگر وغیرہ کا بھی سلسلہ جاری ہے، جمعرات کو مختلف جگہوں سے جلوس نکلے گا جس کا سلسلہ دیر رات تک جاری رہے گا۔
عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سجاوٹ میں استعمال کی جانے والی اشیا کی خرید و فروخت زوروں پر ہے شہر کے الگ الگ بازاروں میں سجاوٹ سے متعلق سامان بک رہے ہیں، سجاوٹی سامانوں، جھنڈا، بیچ، جھنڈی، بینر وغیرہ کی بھرمار ہے، دکانیں گاہکوں سے لیس ہے۔

نخاس چوک پر واقع احمد جمال بک ڈپو کے مالک خورشید احمد بتاتے ہیں کہ دس روپے سے لے کر تین سو روپے تک کے جھنڈے اور دیگر سجاوٹی سامان ہماری دکان پر بک رہے ہیں عید میلاد کے موقع پر گاہکوں کی بھیڑ صبح سے شام تلک لگی رہتی ہے۔

ہارون بک ڈپو کے آپریٹر محمد گلریز و محمد ہارون نے کہا کہ اس خوشی کے موقع پر لوگ کثرت سے جھنڈے، جھنڈیاں، لائٹیں وغیرہ خرید رہے ہیں مختلف قیمتوں کے سامان نخاس چوک پر واقع اس بازار میں دستیاب ہیں، لوگ اپنی پسند اور حیثیت کے مطابق عید میلاد کے اس جشن کو منانے کے لیے خریداریاں کرتے ہیں، اطراف کے اضلاع سے بھی لوگ گورکھپور میں خریداری کرنے آتے ہیں۔

تکیہ کولدہ، سوریہ وہار کے رہنے والے علی اکبر نے کہا کہ عید میلاد عیدوں کی عید ہے اس دن ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس دنیا میں تشریف لائے اور انہیں کے صدقے میں اللہ تعالی نے ساری کائنات کو وجود بخشا ہے اس لیے یہ موقع ہمارے لیے نہایت ہی اہم ہے ہم نے اپنے گھروں پر جھنڈے نصب کر دیے ہیں، ہمارے گھر اور محلے سج گئے ہیں۔

نائب قاضی مفتی محمد اظہر شمسی صاحب نے کہا کہ اسلامی جھنڈے و جھنڈیوں اور بینر وغیرہ کا احترام کریں انہیں نیچے گرنے سے بچائیں، اسلامی جھنڈوں کو قطعا جھکنے یا گرنے نہ دیں، بینر وغیرہ پر عام فہم زبان میں اسلام کا پیغام درج کرائیں، ان بینرز کو بھی مکمل احترام کے ساتھ ہی لے جائیں، گنبد خضری یا دوسرے مقامات مقدسہ کے نقوش جلوس میں شامل نہ کریں کہ بے حرمتی کے سبب خسارے کا باعث ہوگا بلکہ انہیں مستقل ایک جگہ رکھ کر زیارت کا اہتمام کر سکتے ہیں، نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کثرت کے ساتھ درود شریف پڑھیں جلوس میں اسلامی لباس پہن کر شریک ہوں اور پر امن طریقے سے اس تقریب کو اختتام پذیر کر لیں، کسی بھی طرح کی اشتعال انگیز حرکت ہرگز نہ کریں، امن و امان قائم رکھنے میں حکومت کی مدد کریں۔

نخاس چوک پر آباد اسلامی جھنڈوں کا بازار

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے