ہماری آواز: نئی دہلی، 12 جنوری (پریس ریلیز) کانگریس نے آج احتجاجی کسانوں کے بارے میں سپریم کورٹ کی طرف سے اظہار تشویش کا خیرمقدم کیا، مگر یہ بھی کہا کہ کسانوں کے مطالبات پر غور کرنے کے لیے جو چاررکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اس میں شامل تمام اراکین تینوں زراعتی قوانین کو پہلے ہی درست قرار دے چکے ہیں، اس لیے ان سے کسانوں کو انصاف ملنے کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کی میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سورجے والا نے کہا کہ کمیٹی میں جن چار اراکین کو شامل کیا گيا ہے، وہ تینوں کسان مخالف قوانین کے حامی ہیں اور ان سے کسانوں کے حق میں کام کرنے کی امید نہیں کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ جب کمیٹی میں شامل چاروں ممبران پہلے سے ہی تینوں زراعتی قوانین کے حامی ہیں، تو عدالت کو کمیٹی تشکیل کے لیے ان کا نام کس نے اور کیوں دیا؟ عدالت کو ان تمام ممبروں کے خیالات کے بارے میں کیوں نہیں بتایا گیا؟
کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ عدالت کسانوں کے مسائل پر فکرمند ہے اور کسانوں کے حق میں فیصلہ دے رہی ہے۔