مذہبی گلیاروں سے مہاراشٹرا

نئی نسلوں کو قبلۂ اول کی تاریخ سے واقف کرانا وقت کی اہم ضرورت: سید معین میاں اشرفی

قبلہء اول کی بازیابی مسلم حکمرانوں کی اولین ترجیح ہونا چاہیے. (الحاج محمد سعید نوری)

جمعۃ الوداع کو "یومِ بیت المقدس” کا اہتمام، سُنی حسینی اشرفی مسجد ورلی میں معین المشائخ کی رقت انگیز دعا.

ممبئی: 29 اپریل/ ہر سال ماہِ رمضان المبارک شروع ہوتے ہی فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی فوج اور حکومت کا ظلم و ستم بڑھ جاتا ہے یہاں تک کہ پر امن طریقے سے مسجد اقصی میں نماز ادا کرنے اور عبادات کا اہتمام کرنے والے فلسطینی مسلمانوں پر ظالم یہودی اسرائیلی حکومت فوج کشی کرکے دہشت گردی کا مظاہرہ کرتی ہے اور انسانی حقوق کا دم بھرنے والی اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی ہوتی ہے. دنیا بھر کے مسلمان بھی اپنے قبلہء اول کی حفاظت کرنے والے نہتے فلسطینی مسلمانوں کی تباہی پر کفِ افسوس ملتے رہ جاتے ہیں، پوری دنیا کے مسلمانوں کی ہمدردی مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہے، ہم فلسطینی مسلمانوں کے حق میں اپنے قبلہء اول کی بازیابی کے لئے اپنے رب کی بارگاہ میں گڑگڑاتے ہیں کہ مولی تعالی فلسطینی مسلمانوں کی غیب سے امداد فرمائے، مسجد اقصٰی کو غاصب یہودیوں کے تسلط سے آزاد فرمائے اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ بھارتی مسلمانوں کی جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت فرمائے آمین. اس طرح کا اظہارِ خیال و رقت انگیز دعا ورلی سُنی قبرستان میں موجود سُنّی حسینی اشرفی مسجد میں نماز جمعہ کے بعد خصوصی دعائیہ مجلس میں حضرت سید معین الدین اشرف الجیلانی نے کیا. واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ، جمعۃ الوداع کو "یومِ بیت المقدس” منانے کی رضا اکیڈمی کی اپیل پر شہر سمیت ملک بھر میں مسلمانوں نے نمازِ جمعہ کے بعد خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا. اس موقع پر فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یگانگت و یک جہتی پیش کرتے ہوئے ائمہ مساجد نے خصوصی خطاب فرمایا.
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جانشین مخدوم سمناں، سجادہ نشین درگاہ کچھوچھہ حضرت سید معین الدین اشرف الجیلانی نے کہا کہ نئی نسل کو قبلہء اول بیت المقدس کی تاریخ، اسلامی اہمیت اور شرعی تقدس سے آگاہ کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے. اس موقع پر آپ نے کہا کہ دعا مومن کا ہتھیار ہے، دعاؤں کے ذریعہ ہی امن عالم کے قیام اور قبلہء اول کی بازیابی کی راہ آسان ہوسکتی ہے.
بانیِ رضا اکیڈمی قائدِ ملت الحاج محمد سعید نوری نے کہا کہ قبلہء اول اور مسجد اقصٰی سے مسلمان کبھی دستبردار نہیں ہوسکتا. آپ نے اسلامی مملکتوں کے سربراہان سے بھی اپیل و گزراش کی کہ وہ امریکہ اور اسرائیلی حکومتوں کے دامِ فریب سے باہر آئیں اور سیاسی و سفارتی سطح پر دباؤ بناکر قبلہء اول کو ظالم یہودیوں سے آزاد کرانے کی کوشش کریں. اگر دنیا کے تمام اسلامی ممالک کے سربراہان یک جٹ ہوکر ظالم اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالیں تو فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی قتل و غارت گری اور نسل کشی کو روکا جاسکتا ہے. اسی طرح مسلمانوں کے قبلہء اول کے تقدس کو پامال ہونے سے بھی بچایا جاسکتا ہے. لہذا اسلامی مملکتوں کے سربراہان کو چاہیے کہ وہ قبلہء اول کی بازیابی کو اپنے ایجنڈے میں سب سے اوپر رکھیں. سنی حسینی اشرفی مسجد ورلی میں منعقدہ اس اجتماعی دعا میں مولانا امان اللہ رضا، مولانا خلیل الرحمٰن نوری، مولانا صوفی محمد عمر، حافظ شیخ نظام اشرفی، ناظم رضوی، فرید رضوی ریحان وارثی، اسلم اشرفی، سید ارشد زیدی کے علاوہ کثیر تعداد میں مصلیان مسجد نے شرکت کی.

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے