نہایت ادب و احترام کے ساتھ منائیں شب برأت، شوسل میڈیا پر کسی طرح کی افواہ ہرگز نہ پھیلائیں
موتی ہاری: 17 مارچ، ہماری آواز(عاقب چشتی)
ہمارے ملک کی الگ شناخت و پہچان ہے یہاں مختلف مذاہب کے لوگ آپسی بھائی چارگی کے ساتھ رہتے ہیں ۔ ایک دوسرے کے تیوہاروں کی ہم سب قدر کرتے ہیں اور سبھی کو اپنے طور طریقے کے مطابق تیوہار منانے کی اجازت ہے- سماجی معاشرتی طور پر ہم ایک دوسرے کے یہاں آتے جاتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ حسن سلوک کرتے ہیں- مذکورہ باتیں نوری جامع مسجد کلیانپور کے خطیب و امام مولانا محبوب عالم نے منعقدہ علمائے کرام کی نشست کے دوران کہی اور مزید بتایا کہ ملک کے حالات روز بروز بگڑتے جارہے ہیں اور برسر اقتدار پارٹیاں نفرت کی بیج بونے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے اس لیے ہم اپنے مذہبی طور و طریقہ کے مطابق شب برأۃ منائیں اور اس مبارک رات میں عبادت و ریاضت میں مصروف رہیں امن و سلامتی کی دعائیں کریں اپنے گناہوں سے سچی توبہ کریں اور اپنے آباء و اجداد کی مغفرت و نجات کی دعاء کریں
جبکہ کیسریا جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا انیس الرحمن چشتی نے عوام الناس اور برادران وطن سے اپیل کی کہ ہم اپنے اپنے تیوہار کو پرامن طریقے سے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائیں اور قومی یکجہتی کی بہترین مثال پیش کریں – شرپسند عناصر کی کسی بھی چال کو ہرگز کامیان نہ ہونے دیں اور افواہوں سے مکمل اجتناب کریں – اس موقع سے اپنے مذہبی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے اپنا کام کریں اور بے وجہ ادھر ادھر بھٹک کر ,سوشل میڈیا پر مصروف ہوکر اپنا قیمتی وقت ضائع نہ کریں بلکہ اس مقدس رات میں اپنی نجات و مغفرت کی دعاء کریں اور ملک کی امن و سلامتی کی بھی دعاء کریں- مولانا منظور عالم سرور نے کہا کہ مذہب اسلام امن اور شانتی کا پیغام دیتا ہے پیغمبر دوجہاں حضور پرنور محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم نے کفر و شرک کو مٹانے کے لیے بہت ساری پریشانیاں جھیلیں اور دشمنوں کے ساتھ بھی حسن سلوک فرمایا کرتے اس لیے ہم غلامان محمدی ہیں اسوۂ حسنہ کے مطابق اپنی زندگی گزاریں اور عفو و درگذر کا معاملہ کریں – ایک دوسرے کا احترام کریں اور اپنے طریقۂ کار کے مطابق اپنا تیوہار منائیں – مولانا جمیل اختر قادری مدرس مدرسہ اسلامیہ حیدریہ ضیاء العلوم کلیانپور نے کہا کہ شب برأت نجات و چھٹکارے کی رات ہے اس رات میں خوب عبادت و ریاضت کریں اور رات میں جگنے کا اہتمام کریں اپنے گھروں میں یا مسجدوں میں بیٹھ کر قرآن کی تلاوت کریں نوافل پڑھیں ذکر و اذکار کریں کثرت سے درود پاک پڑھیں اپنے لیے اور پوری دنیا کے مؤمنین و مؤمنات کی مغفرت کی دعاء کریں۔