حیدرآباد: 12 مارچ,، ہماری آواز(راست) قرآن حکیم آسمانی کتابوں میں آخری اور آسمانی کتابوں کے سلسلے کو ختم کرنے والی کتاب ہے۔ یہ پہلی وہ آسمانی کتاب ہے جس کی حفاظت کا ذمہ خود اللہ تعالیٰ نے لیا اور اس کی حفاظت کے لیے جتنے اسباب و وسائل اور طریقے ہوسکتے تھے، سب اختیار کئے، اس طرح پاکیزہ کتاب ہر لحاظ اور ہر جانب سے مکمل محفوظ ہوگئی۔ الحمدللہ!سینکڑوں برس گذرنے کے بعد بھی اس میں رتی برابر بھی تغیر و تبدل نہ ہوسکا، لاکھ کوششیں کی گئیں، مگر کوئی ایک کوشش بھی کامیاب اور کارگر ثابت نہ ہوسکی، اور نہ قیامت تک ہوسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار نبیرۂ حضرت سید زرد علی شاہ صاحب مہاجر مکی مولانا سید محمد علی قادری الہاشمی ممشاد پاشاہ بانی و صدرمرکزی مجلس قادریہ نے قبل از جمعہ جامع مسجد خواجہ گلشن، مہدی پٹنم اور مسجد محمودیہ ناغڑ، یاقوت پورہ میں وسیم رضوی کی شرانگیزی کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔مولانا ممشاد پاشاہ نے کہا کہ و سیم رضوی آرایس ایس اور شدت پسند ہندو تنظیموں کا ایجنٹ ہے جب سے مرکز میں بی جے پی برسراقتدار آئی ہے اسی وقت سے یہ مختلف عنوان سے اسلامی تعلیمات کے خلاف بکواس کے ذریعہ مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کررہا ہے اوراب قرآن حکیم کی بعض آیات کو شدت پر مبنی اور الحاقی قرار دے کر ان کو قرآن سے حذف کرنے کا مطالبہ لے کرسپریم کورٹ آف انڈیا پہنچ گیا ہے،دراصل یہ قرآن حکیم کے تقدس کے ساتھ عظمت خلفائے راشدین پر حملہ ہے،یہ وہ نفوس قدسیہ ہیں جنہیں اسلامی تاریخ کے آفتاب و ماہتاب کہا جاتا ہے، ان کے بے شمار فضائل ہیں، خلفائے راشدین کو دنیا میں اللہ تعالیٰ نے ایک مشن اور ایک خاص کردار بنا کر بھیجا جنہوں نے دین کی سربلندی اور دین کے وقار کی خاطر مصائب برداشت کیے دین اسلام کے لئے قربانیاں پیش کیں اور حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے اپنی جان ومال سب کچھ قربان کردیا۔ ان پر یا ان میں سے کسی ایک پر بھی اگر کوئی تنقید کرے یا ان میں سے کسی کی توہین کرے،ایسی حرکت امت مسلمہ کے لئے ناقابل برداشت ہے،اور وسیم رضوی جیسا آرایس ایس کی گندگی پر پلنے والا تو کیا اس جیسے سینکڑوں دشمنان اسلام بھی ایک جگہ جمع ہوجائیں تو قرآن حکیم کی کسی سورۃ یا کسی آیت کو حذف نہیں کرسکتے۔ اس لئے کہ قرآن پاک ہر طرح کے تغییر اور تبدیل اور تحریف اور کمی بیشی سے محفوظ ہے۔اس کی تمام قرآت اور روایات کے جاننے والے،پڑھنے پڑھانے والے اور حفظ کرنے والے ہمیشہ سے موجود ہیں۔تار یخی حقائق بھی اس بات کی تائید ہی کرتے ہیں کہ حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے جو قرآن پاک مسلمانوں کو عطا فرمایا ہے،وہ آج تک مسلمانوں کے پاس محفوظ ہے۔اس میں کوئی کمی بیشی نہیں کی گئی اور نہ ہی کوئی شخص کر سکتا ہے۔حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ اقدس میں جتنے قرآن کریم کے نسخے لکھے گئے تھے وہ عموماً متفرق اشیاء پر لکھے ہوئے تھے۔خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیقؓ کے عہد خلافت میں جب جنگ یمامہ کے دوران حفاظ قرآن کی ایک بڑی جماعت شہید ہوگئی تو حضرت عمر فاروقؓ نے حضرت ابوبکر صدیقؓ کو قرآن کریم کو ایک جگہ جمع کروانے کا مشورہ دیا۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ ابتداء میں اس کام کے لئے تیار نہیں تھے لیکن شرح صدر کے بعد وہ بھی اس عظیم کام کے لئے تیار ہوگئے اور کاتب وحی حضرت زید بن ثابتؓ کو اس اہم وعظیم عمل کا ذمہ دار بنایا۔ اس طرح قرآن کریم کو ایک جگہ جمع کرنے کا اہم کام شروع ہوگیا۔حضرت زید بن ثابتؓ خود کاتب وحی ہونے کے ساتھ پورے قرآن کریم کے حافظ تھے۔وہ اپنی یادداشت سے بھی پورا قرآن لکھ سکتے تھے، اُن کے علاوہ اُس وقت سینکڑوں حفاظ قرآن موجود تھے،مگر انہوں نے احتیاط کے پیش نظر صرف ایک طریقہ پر بس نہیں کیا بلکہ ان تمام ذرائع سے بیک وقت کام لے کر اُس وقت تک کوئی آیت اپنے صحیفے میں درج نہیں کی جب تک اس کے متواتر ہونے کی تحریری اور زبانی شہادتیں نہیں مل گئیں۔کئی واقعات ہیں جو قران حکیم کے محفوظ رہنے کی ایک مستقل حسی دلیل ہیں جن سے انکار کی کوئی گنجائش نہیں، پس جو کوئی قران کریم میں کسی قسم کی کمی یا زیادتی واقع ہو جانے کا دعویٰ کرے وہ جھوٹا ہی نہیں بلکہ کافر ہے۔مولانا ممشاد پاشاہ نے مزید کہا کہ قرآن حکیم ایک ہی دفعہ میں نازل نہیں ہوا بلکہ ضرورت اورحالات کے اعتبار سے مختلف آیات نازل ہوتی رہیں۔ قرآن کریم کی حفاظت کے لئے سب سے پہلے حفظ قرآن پر زور دیا گیا۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم پہلے حافظ قرآن ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اصحاب کرام کو قرآن کے معانی کی تعلیم ہی نہیں دیتے تھے بلکہ انہیں اس کے الفاظ بھی یاد کراتے تھے۔ چنانچہ ہمیشہ اصحاب کرام میں ایک اچھی خاصی جماعت ایسی موجودرہتی جو نازل شدہ قرآن کی آیات کو یاد کرلیتی اور راتوں کو نماز میں اسے دہراتی تھی۔ غرضیکہ قرآن کی حفاظت کے لئے سب سے پہلے حفظ قرآ ن پر زور دیا گیا اور اُس وقت کے لحاظ سے یہی طریقہ زیادہ محفوظ اور قابل اعتماد تھا۔وسیم رضوی جیسا بد باطن کی اس قسم کی حرکات پر پابندی لگوانا اشد ضروری ہے۔
متعلقہ مضامین
پیر سید احمد نظامی کے خوابوں کی تعبیر میری زندگی کا اہم مشن ہے: سید فرید احمد نظامی
درجنوں علما ومشائخ کے ہاتھوں پیر فرید احمد نظامی سید بخاری کی دستار بندی پیر احمد نظامی سید بخاری کے فاتحہ چہلم میں علما ومشائخ کا مشائخ منزل میں جم غفیر نئی دہلی: 18ستمبر، ہماری آوازبین الاقوامی شہرت کی حامل درگاہ حیرت مھبوب الہی نظام الدین اولیا کے سجادہ نشین پیر حضرت احمد نظامی سید […]
حضرت شاہ سید اسمعیل حسینی القادری الملتانیؒ کا عرس شریف آج
حیدرآباد۔ (پریس نوٹ) حضرت شاہ سید پیر حسینی القادری الملتانی (ثانی) المعروف صاحباں پاشاہ قدس سرہ العزیز برادر خرد و خلیفہ مجاز حضرت ابو الفضل شاہ سید اسمٰعیل حسینی القادری الملتانی قدس سرہ العزیز کا 63 واں عرس شریف بتاریخ 27/ صفر المظفر 1446ھ مطابق 02/ سپٹمبر 2024ء بروز دو شنبہ زیر سرپرستی حضرت ابو […]
زکوٰۃ مال کو پاکیزہ اور مال والے کو اللہ تعالیٰ کا محبوب بناتی ہے
فضول خرچی سے بچنے اور میانہ روی اپنانے کی تلقین۔ مولانا ممشاد پاشاہ کا خطاب حیدرآباد 15 اپریل (راست) زکوٰۃ اسلام کے بنیادی ارکان سے ایک اورجس کا انکارکفرہے، جو مسلمان بھی صاحب نصاب ہوگا اس کو اپنی جمع پونجی میں سے ڈھائی فی صد حصہ زکوٰۃ کے طور پر ادا کرنا فرض ہے۔لیکن مسلمانوں […]

