علی گڑھ

حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے محبت کرنا ایمان کی نشانی ہے

مدرسہ گلشن برکات شہنشاہ آباد کے زیر اہتمام یومِ صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مفتی عبدالمصطفی مصباحی کا خطاب

علی گڑھ: 08/فروری، ہماری آواز(ضیاء الرحمن امجدی) مدرسہ گلشن برکات کے زیر اہتمام مسجد گلستان رضا علی گڑھ میں یومِ صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا انعقاد حضور محبوب العلماء سید محمد امان میاں قادری (ولی عہد خانقاہ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ) مدظلہ والنورانی کی صدارت، مولانا شمشاد اجمل برکاتی(خطیب وامام مسجد گلستان رضا) کی قیادت میں ہوا. مہمان خصوصی کی حیثیت سے عالیجناب سید مصطفی علی قادری (نگراں کل ہند انجمن اصلاح معاشرہ اہل سنت وجماعت علی گڑھ) تشریف لائے۔محفل کا آغاز حافظ محمد اسلم(متعلم مدرسہ گلشن برکات علی گڑھ) کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، معروف ثناء خواں مولانا سید اوصاف علی مجددی، سید فرقان علی، سید رہبر علی،اور مدرسہ گلشن برکات کے طلباء محمد ذہیب علی، محمد مستقیم نے نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔
مولانا سید نور عالم مصباحی (خطیب وامام مسجدالبرکات علی گڑھ) نےحضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی فضیلت احادیث کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے فرمایا اللہ عزوجل نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو چند خصوصیات ایسی دی تھیں جو دوسرے صحابہ کو نہیں دی، اس وجہ سے بھی آپ سب سے افضل ہیں۔ حضرت ابوبکر صدیق سب سے کامل مسلمان ہیں. ہم حضرت ابو بکر کی سیرت پاک کا تذکرہ کر رہے ہیں تو اس بات کے زیادہ حق دار ہیں کہ ہم آپ کی سیرت پر عمل کریں۔ ہم پر ضروری ہے کہ ہم سیدنا ابوبکر کی حیات سن کر اپنی زندگی میں تبدیلی لائیں، مزید انہوں نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ اسلام کے صف میں سب سے پہلے داخل ہوئے اور بلاچوں چرا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ہر بات کی تصدیق کی یہاں تک کہ جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو معراج ہوئی تو سب سے پہلے آپ نے اس کی تصدیق کی، حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اپنے کردار سے دنیا والوں کو درس دیا کہ انسان کو صداقت کا پیکر ہونا چاہئے
محفل پاک سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عبد المصطفیٰ مصباحی نے صحابہ کرام کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس دنیا میں صحابہ کرام انبیاء کرام کےبعد سب سے افضل انسان ہیں اور ان میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سب سے افضل ہیں۔اور یہ بھی فرمایا کہ صحابہ کرام سے محبت کرنا ایمان کی نشانی ہے،صحابہ کرام وہ ہیں، جن سے اللہ راضی ہے اور وہ اللہ سے راضی ہیں۔
مولانا شمشاد اجمل برکاتی(خطیب وامام مسجد گلستان رضا) نے کہا کہ خلفاء راشدین، اہل بیت اطہار اور ازواج مطہرات سے محبت ہمارے لیے ایمان کا حصہ ہے، حضور سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ عام الفیل کے دوسال اور چھ مہینے کے بعد سنہ 573ء میں پیدا ہوئے، حضور سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ بالغ مردوں میں سب سے پہلے ایمان لائے ،آپ پہلے خلیفہ اور عشرۂ مبشرہ میں شامل ہیں، اسلام کی نشرو اشاعت میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بے پناہ خدمات ہیں، آج معاشرے میں امن و سکون اور سماجی ترقی کے لیے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔
آخر میں ضیاء الرحمن امجدی نے مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد وحید نگر علی گڑھ میں 12 فروری بروز جمعہ بعد نماز عشاء منعقد ہونے والی محفل بنام "یوم صدیق اکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ کے متعلق اعلان فرمایا.
نظامت کے فرائض حافظ گلفام نے انجام دیا.
اس موقع پر حافظ جاوید صاحب، غلام مرسلین اشرفی ،سید رہبر علی ،حافظ تصدق ، مولانا احمد بہاءالدین ، قاری شفیق ، قاری طارق رضا، مولانا ذاکر صاحب، حافظ مونس حافظ فہیم، حافظ مشرف، حافظ اسلم، حافظ مکرم.
صلاۃوسلام کے بعد محفل کا اختتام ہوا.

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے