گورکھ پور

رنگ، ذات، نسل اور مالداری برتری کی بنیاد نہیں: مفتی اختر علیمی

  • تکیہ کولدہ میں جلسۂ عید میلاد النبیﷺ

صمد احمد صدیقی
گورکھپور
خبر‌نامہ ہماری آواز

فیضان اشرفی نوجوان کمیٹی کی جانب سے اتوار کو تکیہ کولدہ سوریہ وہار کالونی میں واقع سبحانیہ جامع مسجد کے پاس جلسہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔

مہمان خصوصی سنت کبیر نگر کے شہر قاضی مفتی اختر حسین علیمی نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے آخری خطبہ میں فرمایا ہے کہ تمہارا اللہ ایک ہے، اللہ کی کتاب، قرآن اور اس کے رسول کی سنت کو مضبوطی سے پکڑے رہنا، لوگوں کی جان، مال اور عزت کا خیال رکھنا لوگوں پر ظلم نہ کرنا، اگر کوئی امانت رکھے تو اس میں خیانت نہ کرنا سود کے قریب بھی نہ جانا، کسی عربی کو کسی عجمی پر کوئی فضیلت نہیں ہے اور نہ ہی کسی عجمی کو عربی پر، نہ کسی کالے کو گورے پر فضیلت ہے، نہ ہی گورے کو کالے پر، اگر کسی کو برتری حاصل ہے تو وہ صرف ایمان، تقویٰ اور پرہیزگاری کی وجہ سے ہے، یعنی رنگ، ذات، نسل وغیرہ کوئی بھی شے برتری کی بنیاد نہیں، بڑائی کی کوئی بنیاد ہے تو وہ ایمان اور تقوی ہے، اور فرمایا پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عورتوں کے معاملے میں اللہ تعالی سے ڈرو تم عورتوں پر حاکم ہو، عورتوں کے معاملے میں میں تمہیں حسن سلوک کی وصیت کرتا ہوں۔

صدارت کرتے ہوئے مولانا جہانگیر احمد عزیزی نے کہا کہ قرآن پاک اللہ پاک کا کلام ہے، قیامت تک اٹھنے والے تمام سوالات کے جوابات قرآن پاک میں موجود ہیں، اس کتاب کے ذریعے دین اسلام کے دیے گئے قوانین انسانیت کی حفاظت کرتے ہیں اور انسانیت کے وقار میں اضافہ کرتے ہیں، دین اسلام پوری انسانیت کے لیے تحفظ کی بات کرتا ہے۔

مقرر خصوصی مولانا محمد احمد نظامی نے کہا کہ پیغمبر اسلام نے فرمایا اے لوگو! یاد رکھو میرے بعد کوئی نبی نہیں اور تمہارے کے بعد کوئی امت نہیں پس تم ایک رب کی عبادت کرو، روزانہ پانچ مرتبہ نماز پڑھو، رمضان میں روزے رکھو اور اپنے مال کی زکوٰۃ خوشی خوشی ادا کرو، حج کرو اور اپنے اہل امر کی اطاعت کرو، اگر تم ایسا کرو گے تو تم اپنے رب کی جنت میں داخل ہو جاؤ گے۔

بالآخر صلاۃ و سلام پڑھ خیر و عافیت کی دعائیں مانگی گئیں جلسے میں سراج احمد، ندیم احمد، علی اکبر، سید عاصم، رمضان، شمس عالم، صاحب عالم، امان عطاری، ایان، مولانا محمد اسحاق، حافظ آفتاب نظامی وغیرہ موجود تھے۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے