گورکھ پور

محفل درود کا ہوا انعقاد، بیان ہوئی درود پاک کی فضیلت

صمد احمد صدیقی
خبرنامہ ہماری آواز

گورکھپور، ٢٦/ ستمبر بروز منگل سبحانیہ مسجد، سوریہ‌وہار میں محفل درود پاک کا انعقاد کیا گیا، تلاوت قرآن مجید سے آغاز ہوا نعت شریف پیش کی گئی۔

سبحانیہ جامع مسجد کے امام مولانا جہانگیر احمد عزیزی صاحب نے کہا کہ درود پاک پڑھنے کا حکم اللہ تعالی نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ہے جس کا مفہوم ہے کہ بے شک اللہ تعالی اور اس کے فرشتے غیب کی خبر دینے والے نبی پر درود بھیجتے ہیں اے ایمان والوں تم بھی ادب و احترام کے ساتھ نبی پاک پر کثرت سے درود و سلام بھیجا کرو، درود پاک ایک بہترین عبادت ہے، درود پاک کی کثرت سے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں اضافہ ہوتا ہے، مشکلات آسان ہو جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ درود پاک مریض کے لیے شفا یابی کا ذریعہ ہے، پریشان حال کے لیے رحمت خداوندی کے حصول کا طریقہ نیز ہر مصیبت و پریشانی کا حل ہے،‌ آخری نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مقدس ذات پر درود بھیجنا ایک مسلمان کے لیے بہت بڑی نعمت، اعزاز اور خوش‌قسمتی ہے، اللہ پاک کے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ والہ وسلَّم نے دُرود و سلام پڑھنے والوں کو عزّت، بخشش، وُسعتِ رزق، گھر میں برکت، درجات کی بلندی، حاجت روائی اور دیگر کئی فضائل و برکات کی بشارتیں عطا فرمائی ہیں، علما کرام نے فضائل درود پاک پر مشتمل کئی ایک کتابیں اور رسالے تحریر فرمائے ہیں، ہمیں ان کتابوں کو بھی ضرور پڑھنا چاہیے، درود و سلام پڑھنے سے انسان کے درجات بلند ہوتے ہیں چنانچہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا میری امت میں سے جس نے صدق دل سے ایک مرتبہ درود پاک پڑھا اللہ کریم اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا اس کے لیے دس نیکیاں لکھے گا اور اس کے دس درجات بلند فرمائے گا اور اس کے دس گناہ مٹا دے گا۔

انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس مبارک مہینے کو نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسبت ہے اسی ماہ کی بارہ تاریخ کو پیر شریف کے دن ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس دنیا میں تشریف لائے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیر شریف کے دن روزہ رکھ کر اللہ پاک کا شکر ادا کرتے اس روز ہمیں بھی کثرت سے عبادات کرنی چاہیے، فرائض و واجبات کی ادائیگی کے بعد کثرت سے درود و سلام پڑھنے کا اہتمام کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ جلوس میں صاف ستھرے لباس میں خوشبو لگائے نگاہ نیچی کیے درود و سلام پڑھتے ہوئے شریک ہوں اور پر امن طریقے سے جلوس کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں‌۔

بالآخر درود و سلام پڑھ دعائیں مانگی گئیں محفل میں سید ندیم احمد، محمد اسلام، محمد عبد الیسین، امان عطاری، محمد آزاد، محمد ایان وغیرہ موجود تھے۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے