صمد احمد صدیقی
گورکھپور
خبرنامہ ہماری آواز
٢٨/ ستمبر ٢٠٢٣ء کو بارہویں شریف یعنی پیغمبر اعظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم پیدائش منایا جائے گا، اسی سلسلے میں دستک ٹوڈے چینل کی ٹیم نے ایک اہم نشریاتی پروگرام بنام "١٢ امام ١٢ پیغام” کو منعقد کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے جو ١/ ربیع الاول سے ١٢ ربیع الاول تک چلے گا، مذکورہ نشریاتی پروگرام میں بارہ مختلف نکات پر شہر گورکھپور کے ائمہ و علما نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم کو پیش فرما رہے ہیں، لوگ اس پروگرام کو خوب پسند بھی کر رہے ہیں۔
رحمتنگر نگر کے رہنے والے غضنفر علی شاہ نے کہا کہ یہ بہترین پہل ہے اس نشریاتی پہل کے ذریعے ہم تک نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات بآسانی پہنچ رہی ہیں ابھی تک اس کے دو حصے جاری ہو چکے ہیں، جن میں ہمیں جانوروں کے حقوق بتاتے ہوئے کہا گیا کہ بے زبان جانوروں کو بھی بھوک، پیاس کا احساس ہوتا ہے لہذا ہمیں ان کا بھی خیال رکھنا چاہیے اور ما بقیہ کھانے وغیرہ گندگی میں پھینکنے کے بجائے کسی صاف جگہ رکھ دینا چاہیے تاکہ جانور یا پرندے اس سے اپنی ضرورتیں پوری کر لیں، اس کے علاوہ بتایا گیا کہ سواری یا بوجھ ڈھونے والے جانوروں کے ساتھ ہمیں اچھا سلوک کرنا چاہیے، جبرا ان پر ان کی طاقت سے زیادہ بوجھ ڈالنا ظلم و زیادتی ہے اس سے پرہیز کرنا چاہیے۔
سوریہ وہار کے رہنے والے سید ندیم احمد نے کہا کہ اس پہل سے ہم اپنی مصروف ترین زندگی میں جہاں دیگر ضروریات سے وقت نکال کر کسی محفل میں جانا کافی گراں ہوتا ہے، نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیم کو جان پا رہے ہیں ہمیں ابھی تک جاری کیے گئے دو حصوں سے ہی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے دوسرے حصے میں غریبوں، ضرورتمندوں کی مدد کرنے کے بابت نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات بتائی گئی ہے ہمیں اپنے پیارے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان سخاوت جاننے کا موقع میسر آیا، ہم مستقبل میں بھی دستک ٹوڈے ٹیم سے اس طرح کی نشریات جاری کرنے کی امید کرتے ہیں، بارہ امام بارہ پیغام ایک کارآمد مہم ہے۔
تیواریپور کے رہنے والے شہاب الدین شیخ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں سوشل میڈیا کے ذریعے اس طرح کی مہم چلانا یقینا ایک اہم ضرورت اور نیک کام ہے، اس سے نوجوان بچے و بچیوں کی صحیح رہنمائی ہو رہی ہے، ہمیں اپنے مذہب اور اپنے پیغمبر کو جاننے کا موقع مل رہا ہے، ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت سے آشنا ہونے کی ہر ممکن کوشش کرے اور اس پر عمل کرے۔