- خانقاہ جُنابیہ حسینی شریف میں منعقد ہوگی عرس سراپا قدس, ملک کے مختلف ریاستوں سے آتے ہیں لاکھوں زائرین
موتی ہاری: خانقاہ جنابیہ حسینی شریف مشرقی چمپارن کا شمار ریاست اور ضلع کے معتبر خانقاہوں میں ہوتا ہے۔ اس خانقاہ کے فیض یافتہ ہزاروں افراد دین و ملت کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ عارف باللہ محبوب المشائخ حضرت صوفی جناب علی شاہ قادری آبادانی تیغی علیہ الرحمہ شیخ المشائخ حضرت تیغ علی شاہ علیہ الرحمہ المعروف سرکار سرکانہی کے نامور خلفاء میں سے ہیں- مذکورہ باتیں خانقاہ جنابیہ میں منعقدہ جائزہ نشست کے دوران خانقاہ کے سجادہ نشیں پیر طریقت حضرت علامہ الحاج ضیاء المجتبیٰ کامل نے کہی اور مزید بتایا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی حضرت جناب علی شاہ قادری آبادانی تیغی علیہ الرحمہ کا 68 واں , برہان العارفین حضرت علامہ الحاج الشاہ عمر علی قادری آبادانی جنابی علیہ الرحمہ کا 20 واں اور صوفی باصفا شہزادۂ برہان العارفین حضرت مولانا ثناء المصطفیٰ قادری تیغی جنابی علیہ الرحمہ کا پہلا سالانہ عرس سراپا قدس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا- جس کی تیاریاں لگ بھگ مکمل ہوچکی ہیں- عرس کی ساری تقریبات سلسلۂ تیغیہ کے اصول کے مطابق منعقد ہونگی- اس عرس میں ہند و نیپال کے مختلف علاقوں سے لاکھوں زائرین تشریف لاتے ہیں اور فیضان جنابیہ سے مالامال ہوتے ہیں – جملہ زائرین , مریدین و متوسلین کے لیے جنابی لنگر کا اہتمام ہوتا ہے – دن میں قرآن خوانی , فاتحہ خوانی, شب میں چادر پوشی و گل پوشی کا اہتمام ہوتا ہے اور بعد نماز عشاء سرکار حسینی کانفرنس منعقد ہوتی ہے جس میں ملک کے مشاہیر علماء و مشائخ اور شعرائے کرام کی تشریف آوری ہوتی ہے – جن کے ناصحانہ بیانات سے سامعین اپنے قلوب و اذہان کو منور و مجلیٰ کرتے ہیں – اس موقع سے جناب فیضان مصطفیٰ مکھیا حسینی پنچایت , مولانا حسنین رضا ضیائی, مولانا عظیم الدین ثقافی ثاقب ضیا, مجتبیٰ حسن سمیت درجنوں افراد موجود تھے۔