- عاشقان رسولﷺ عید میلاد کے موقع پر اپنے گھروں پر پرچم رسالتﷺ خوب دھوم دھام سے لہرائیں۔الحاج سعید نوری
- عید میلاد النبیﷺ کے حسین موقع پر اپنے گھروں کی چھتوں پر جھنڈے لگانا اور جلوس نکالنا بہترین عمل ہے۔سید معین میاں
ممبئی
عید میلاد النبی ﷺ کے حسین موقع پر اپنے گھروں کے چھتوں اور دروازوں پر پرچم رسالت (جھنڈے) لگانا خوش نصیبوں کا کام ہے۔یہی وجہ ہے کہ ماہ ربیع النور کی آمد آمد پر دنیا میں بسنے والے خوش نصیب مسلمان اپنے نبیﷺ کی بارگاہ میں اپنے اپنے طور پر نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہیں کیونکہ عاشقان رسول ﷺ یہ بات خوب اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ آقا ﷺ کی میلاد نسل انسانی اور سارے عالم پر خدائی رحمت کا مظہر ہے۔ایسے موقع پر دنیا میں بسنے والے خوش نصیب مسلمان قرآن مجید کی خوب تلاوت اور پیغمبر اسلام ﷺ کی ثناء خوانی کرنے میں مصروف العمل ہوتے ہیں۔خوش عقیدہ مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا جشن بڑے دھوم دھام سے مناتی ہے۔ مسلمان اپنے گھروں اور گلیوں، شہروں تک رنگ برنگی لائیٹوں قمقموں کی سجاوٹیں کرتے ہیں اوراپنی استطاعت کے مطابق میلاد کی محافل منعقد کرکے اپنے نبی سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔عاشقان رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم میلاد النبی ﷺ کی خوشیاں مناکر اور اپنے گھروں دوکانوں آفیسوں پر جھنڈے لگاکر اور اپنے ہاتھوں میں جھنڈے لیکر فرشتوں کی سنت پر عمل کرتے ہیں۔عاشقان رسول ﷺ کے لبوں پر یہی ترانہ ہوتاہے۔
حشر تک ڈالیں گے ہم پیدائش مولیٰ کی دھوم
مثل فارس نجد کے قلعے گراتے جائیں گے
خاک ہوجائیں عدو جل کر مگر ہم تو رضا
دم میں جب تک دم ہے ذکر ان کا سناتے جائیں گے۔
یہی وجہ ہے دنیا کا کوئی ایسا خطہ نہیں کہ جہاں پر دیوانے ماہ نور کا چاند دیکھتے ہی خوشی ومسرت میں اپنے گھروں،دوکانوں مسجدوں،مدرسوں،گلیوں کی چھتوں پر جھنڈے نہ لگاتے ہوں۔
اسی لئے رضااکیڈمی نے فرشتوں کی سنت پر عمل کرتے ہوئے خاتم النبیین ﷺ کے جشن ولادت کی خوشی میں غلامان رسول ﷺ سے پرخلوص گزارش کرتی ہے کہ وہ محفل نعت اور دیگر محافل کا انعقاد کرتے ہوئے گھر گھر پرچم رسالت لہرائیں۔محافظ ناموس رسالت اسیر مفتئ اعظم الحاج محمد سعید نوری بانی و سربراہ رضا اکیڈمی انڈیا نے غلامان رسول ﷺ سے درخواست کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ دشمنان اسلام کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے اس بار عید میلاد النبی ﷺ کے اجتماعات میں گستاخان رسول کی بھرپور مذمت کریں۔عید میلاد کے اس حسین موقع پر اپنے گھروں کی چھتوں پر پرچم رسالت لہرائیں۔نوری صاحب نے کہا کہ مسلمانان عالم پر ضروری ہیکہ امام الانبیاء ﷺکی بارگاہ میں اپنے گھروں کی چھتوں پر جھنڈے لہراکر دشمنان دین و ملت کو یہ باور کرائیں کہ ہم تمہارے ناپاک منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔کیونکہ ہمارے آقا رحمت عالم، نورمجسم، محسن انسانیت،حضور نبئی کریم ﷺ کے ذکر کو اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں بلند فرمایا،آقائے دوعالم ﷺ کی عظمت اور رحمت کل عالم میں پھیلائی ہے۔نبئی آخرالزماں ﷺ کو سارے عالم کیلئے رحمت بناکر بھیجا گیا،یہ بات ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کے دلوں سے عشق رسول ﷺ کو کسی صورت کبھی بھی ختم نہیں کرسکتیں۔محافظ ناموس رسالت الحاج محمد سعید نوری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہم غلامان رسول ﷺ پر بڑی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے پیارے آقا ﷺ کی عظمت کے جھنڈے لہرائیں۔
خانوادۂ آل انڈیا سنی جمیعۃ العلماء کے صدر معین ملت حضرت مولانا الحاج سید معین الدین اشرف اشرفی الجیلانی کچھوچھہ مقدسہ نے عالم اسلام کی سربلندی،ملک ہندوستان میں امن و استحکام کیلئے خصوصی دعاء کرتے ہوئے کہا کہ ہم غلامان رسول ﷺ کیلئے میلاد مصطفی ﷺ بہت بڑی نعمت ہے لہٰذا ہمیں ایسے موقع پر عید میلادالنبی ﷺ کی محفلیں خوب دھوم دھام سے منانی چاہئے یہی ہمارے لئے دنیا و آخرت کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔معین المشائخ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے فرمایا الحمدللہ ہم غلامان رسول ﷺ اپنے آقا کی میلاد مناکر اور جھنڈے لگاکر فرشتوں کی سنت پر عمل کرتے ہیں اور مخالفین ان سب کو بدعت اور بے اصل بتاکر شیطان کو خوش کرتے ہیں۔
نثار تیری چہل پہل پر ہزاروں عیدیں ربیع الاول
سوائے ابلیس کے جہاں میں سبھی تو خوشیاں منارہے ہیں
رپورٹ: ظفرالدین رضوی ممبئی
٢٤ ستمبر ٢٠٢٢