بہار مذہبی گلیاروں سے

نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی رمضان کے پہلے جمعہ کی نماز

صبر و استقامت, اخوت و مساوات کا پیغام دیتا ہے رمضان, رمضان المبارک کے ہر لمحہ کی قدر کریں!

موتی ہاری: 8 اپریل

ضلع کی سبھی مسجدوں میں نہایت جوش و خروش, ادب و احترام کے ساتھ رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کی نماز ادا کی گئی اور ملک کی امن وسلامتی , ترقی و خوشحالی کی دعائیں مانگی گئیں – اس موقع سے مولانا سراج الحق اشرفی نے جمعہ کے خطاب میں کہا کہ رمضان کا مبارک مہینہ اپنے دامن میں رحمت و برکت کا حسین تحفہ لیکر جلوہ فگن ہوتا ہے اور روزانہ بے شمار گناہگاروں کی مغفرت و نجات ہوتی ہے – صرف بھوکے پیاسے رہنے کا نام روزہ نہیں بلکہ روزے کا اصل مقصد تقویٰ و پرہیزگاری کا حصول ہے۔ حرام و مشتبہات سے بچنے کی کوشش ہونی چاہیے- ایک روایت کے مطابق پہلا عشرہ رحمت کا ہے جس میں رحمت کی برسات ہوتی ہے اور ہر عام و خاص اس سے مستفید ہوتے ہیں اور اس ماہ مبین میں جس طرح زندگی گزارنے کا معمول ہوجاتا ہے عبادت و ریاضت, تسبیح و تلاوت کی پابندی ہوتی ہے اس کا پچیس فیصدی حصہ دیگر ایام کے معمولات بن جائیں تو ہمارا بگڑا مقدر سنور جائے – کلیان پور میں خطاب کرتے ہوئے مولانا لطیف الرحمن مصباحی نے کہا کہ رمضان المبارک کا پاکیزہ مہینہ ہم گنہگاروں کو پاکیزہ بنانے, نصیبہ جگانے, زمرہ بگڑا مقدر چمکانے , انسانیت کی جوت جگانے کے لیے جلوہ فگن ہوتا ہے- مروت و غمخواری, انسانی اقدار کی پاسداری کا مبارک پیغام لیکر یہ مہینہ جلوہ گر ہوتا ہے اس لئے ہمیں اس کے ایک ایک لمحہ کی قدر کرنی چاہیے اور کثرت سے درود شریف پڑھنے کی کوشش ہونی چاہیے- اتحاد ملت ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا توقیر رضا الہ آبادی نے کہا رمضان کا یہ مقدس مہینہ خوش قسمت افراد کو میسر آتا ہے اور اسے ہر چھوٹے بڑے گناہوں سے بچنے کی توفیق عطا ہوتی ہے – سرکار مدینہ راحت قلب و سینہ کا فرمان عالیشان ہے کہ ایک کوا کا بچہ تا حیات جتنی دور اڑ سکتا ہے روزہ دار کو اس سے کہیں زیادہ دور جہنم سے کردیا جاتا ہے اور ہر عبادت کے ثواب میں اضافہ کردیا جاتا ہے اس لیے ہم سب اپنے قیمتی لمحات کی قدر کرتے ہوئے خدا کی رحمت و عنایت کے طلبگار رہیں –
اس موقع سے قاری عبید رضا,حافظ محمد عالم, مولانا حسنین رضا, مولانا اختر علی ناز قادری, صحافی اشرف عالم, مولانا محبوب عالم رضوی, مولانا منظور عالم قادری, ماسٹر رستم علی, حافظ رحمت علی رامپوری, حافظ عبدالمبین, قاری اشتیاق احمد اصدقی سمیت ہزاروں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی-

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!