حیدرآباد 17 ڈسمبر(راست) اللہ تعالیٰ نے ہمیں اشرف المخلوقات بنایا اور اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کا امتی اور غلام بنایا اور ہمارے لئے اس دنیا میں ہر قسم کی نعمتیں پیدا کئے،ان نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت وقت بھی ہے،یہ ایک ایسا قیمتی متاع ہے کہ اس کی ضرورت زندگی کے ہر شعبہ میں مسلم ہے،حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان عالی کافی ہے کہ پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے پہلے غنیمت جانو!جوانی کو بڑھاپے سے پہلے،صحت کو بیماری سے پہلے،مال داری کوتنگدستی سے پہلے،فرصت کو مصروفیت سے پہلے اور زندگی کو موت سے پہلے۔نبیرۂ حضرت سید زرد علی شاہ صاحب مہاجر مکی مولانا سید محمد علی قادری الہاشمی ممشاد پاشاہ بانی و صدر مرکزی مجلس قادریہ نے جامع مسجد خواجہ گلشن، مہدی پٹنم اور مسجد محمودیہ ناغڑ، یاقوت پورہ میں قبل از جمعہ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا ممشاد پاشاہ نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ انسان کے پاس سب سے قیمتی چیز وقت ہے، ہم اپنے اعمال اور کوششوں سے جو کچھ بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں،اس کے حصول کا راز وقت کے صحیح استعمال میں موجود ہے،وقت کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے کلام قرآن حکیم کے ایک سورہ مبارکہ کا نام ہی العصر یعنی زمانہ یا وقت ہے،اللہ تعالیٰ نے فرمایا، اس زمانہ محبوب کی قسم: بیشک آدمی ضرور نقصان میں ہے، مگر جو ایمان لائے اور اچھے کام کئے اور ایک دوسرے کو حق کی تاکید کی اور ایک دوسرے کو صبر کی وصیت کی۔یہ سورہ مبارکہ ہمیں دعوت عمل دے رہی ہے کہ ہم اپنی زندگی اور وقت کی اہمیت کو سمجھیں اور زندگی اس طرح گزاریں کہ ہم صاحب ایمان ہوں، سنتوں پر عمل پیرا ہوں اور نیکی کی طرف بلانے والے ہوں اگر اس طرح ہماری زندگی گزرتی ہے تو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے محروم نہیں ہوں گے۔ افسوس ہے کہ آج ہمارے نزدیک سب سے سستی اور بے قیمت چیز وقت ہوچکا ہے،اس کی قدر و قیمت کو ہم قطعاً محسوس نہیں کرتے غیر ضروری کاموں اور باتوں میں ہم اپنا وقت گذارا کرتے ہیں،ہمارا کتنا ہی وقت ایک دوسرے پر نکتہ چینی اور بہتان، ایک دوسرے کی غیبت کرتے ہوئے گذرجاتا ہے۔وقت بڑی قیمتی دولت ہے، اس سے جو فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے، وہ کر لیا جائے،حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں صحت اور فراغت دو ایسی عظیم نعمتیں ہیں، جن کے سلسلہ میں بے شمار لوگ خسارہ میں رہتے ہیں اس لیے بعد میں پچھتانے سے یہ بہتر ہے کہ انسان آج ہی قدرکر لے۔اگر ہم اپنے اسلاف کی مقدس زندگیوں کا مطالعہ کریں تو اندازہ ہوگا کہ وہ وقت کی بہت قدر کیا کرتے اور کس انداز میں وقت کی قدر کرنے کی تاکید فرمائی ہے،مولائے کائنات سیدنا علی المرتضیٰ ؓ فرماتے ہیں یہ ایام تمہاری زندگی کے صفحات ہیں ان کو اچھے اعمال سے زینت بخشو۔ایک مرتبہ حضرت عمر بن عبدالعزیز ؓ سے کہا گیا،اے امیرالمومنین! یہ کام آپ کل کرلیں،فرمایا میں روزانہ کا کام ایک دن میں بمشکل مکمل کرپاتاہوں، اگر آج کاکام بھی کل پرچھوڑ دوں گاتو پھر دو دن کا کام ایک دن میں کیسے کر پاؤں گا۔حضرت امام شافعی ؓ فرماتے ہیں اہل اللہ کی صحبت سے سیکھنے کو ملی کہ وقت دودھاری تلوار ہے، اگر تم نے اسے نہ کاٹا، وہ تمہیں کاٹ ڈالے گی۔حضرت امام رازی ؒ نے فرمایا وقت نہایت ہی قیمتی دولت ہے۔حضرت سلیم رازی ؒ کا قلم جب لکھتے لکھتے گھس جاتا تو نوک تراشنے کے وقت ذکر الٰہی شروع کردیتے تاکہ یہ وقت صرف قلم کی نوک تراشنے میں خرچ نہ ہو،حضرت شمس الدین اصبہانی ؒ اس خوف سے کھانا کم کھاتے کہ زیادہ کھانے کی وجہ سے بار بار بیت الخلاء جانا پڑے گااور وقت ضائع ہوگا۔حضرت خطیب بغدادی ؒ راستہ چلتے ہوئے بھی مطالعہ جاری رکھتے تاکہ صرف چلنے میں وقت ضائع نہ ہو۔مولانا ممشاد پاشاہ نے مزید کہا کہ انسان کے عقل وشعور کا تقاضہ یہ ہے کہ وہ اس فانی زندگی میں حاصل ہونے والے لمحات کو بہت توجہ کے ساتھ گذارے،مرنے سے قبل زندگی میں ملنے والے وقت کو غنیمت سمجھے اور اس بات کو ذہن میں رکھے کہ کل قیامت کے دن اس وقت کا حساب ہوگا،اس سے اس بارے میں باز پرس ہو گی اور اسے اپنے ہر ہر قول و فعل کا جواب دینا ہے،کل نہ معلوم کس بیماری کا شکار ہو نا پڑجائے، آج زندگی ہے، کل منوں مٹی کے نیچے مد فون ہو نا ہے، آج فر صت ہے کل نہ معلوم کتنی مشغولیتیں در پیش ہو جائیں۔
متعلقہ مضامین
جھارکھنڈ: گریڈیہ میں جلوس محمدی امن و سکون کے ساتھ اختتام پذیر
جلوس محمدی کا مقصد تعلیمات رسول کو عام کرنا ہے. پروفیسر ڈاکٹر خواجہ اکرام گریڈیہہ: 16 سمبر، ہماری آواز(ضیاءالرحمٰن)مدرسہ بدرالعلوم مقاموں سے موسلا دھار بارش کے درمیان شاندار جلوس محمدی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم مولانا نسیم راہی کی قیادت میں نکالا گیا،جلوس محمدی ڈاکٹر محمد انور حسین (سابق مکھیاں) کے گھر کے سامنے سے […]
آج تنظیم اہلسنت و اصلاح معاشرہ کانفرنس میں شرکت کے لئے علماء و عوام کی آمد جاری
ممبئی10/دسمبر 2022 آل انڈیا سنی جمیعۃ العلماء کی طرف سے سنی بلال مسجد چھوٹا سوناپور ممبئی میں منعقدہ تنظیم اہلسنت و اصلاح معاشرہ کانفرنس میں شرکت کرنے کے لئے مہاراشٹر بھر سے علماء و مشائخ و دانشورانِ قوم و ملت ممبئی میں تشریف لاچکے ہیں۔یاد رہے کہ ممبئی میں اہلسنت والجماعت کی اتنے عظیم پیمانے […]
سرزمین ابراہیم نگر کمہرار میں جشن اعلیٰ حضرت
مظفرپور( پریس ریلیز )سرزمین ابراہیم نگر کمہرار شیوہر میں جشن اعلی حضرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔جس کی سر پرستی مصلح قوم وملت حضرت مولانا سلیم الزماں نوری صاحب قبلہ نے فرمائی۔ اور صدارت خطیب الہند حضرت مولانا مفتی ندیم الزماں اجمل مصباحی مظفرپور نے فرمائی۔خطیب باوقار حضرت مولانا صابر القادری فیضی کمہراروی نے کہا […]



