سدھارتھ نگر: 9 نومبر، ہماری آواز(نامہ نگار)
ضلع کے مرکزی درس گاہ دارالعلوم امام احمد رضا بندیشرپور میں کل شام محقق مسائل جدیدہ آبروے اہل سنت حضرت علامہ الحاج الشاہ مفتی محمد شہاب الدین احمد نوری دامت برکاتہم العالیہ (صدر شعبہ افتاء: دارالعلوم اہل سنت فیض الرسول، براؤں شریف) کی آمد آمد ہوئی۔ اس موقع پر دارالعلوم میں محفل میلاد مصطفیﷺ کا انعقاد کیا گیا جس کا آغاز حسب دستور بزرگاں قرآن مقدس کی تلاوت سے ہوا نعت خوانی ہوئی اور حضرت مفتی صاحب قبلہ کا عمدہ اور نصیحت آمیز بیان ہوا۔ آپ نے مسلمانوں کو دنیا کی بجاے آخرت کی فکر کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا بس چار دن کی ہے مگر قبر میں تا قیامت سونا پڑے گا لہذا اپنے ایمان کو بچانا ہوگا کیوں کہ قبر میں صرف اسی کی روشنی کام آئے گی اسی طرح میدان محشر میں ہمارے آقا جان ایمانﷺ صرف اسی کی شفاعت فرمائیں جو ان کی عزت و ناموس پر مر مٹنے والا ہوگا۔
اس سے قبل دارالعلوم کے صدرالمدرسین مشہور زمانہ خطیب و ادیب حضرت علامہ صاحب علی چترویدی نے حضرت مفتی صاحب قبلہ کا تعارف کراتے ہوئے آپ کو اہل سنت کا سرمایہ اور عظیم عالم دین بتاتے ہوئے کہا کہ آپ ہی کی سرپرستی میں ادارہ قلیل ترین مدت میں ترقیوں کے اعلیٰ منازل طے کررہا ہے، یہ سب حضرت کے قدموں کی برکت ہے۔
محفل میلاد پاک میں دارالعلوم کے اساتذہ حضرت مولانا مفتی محمد شعیب رضا نظامی فیضی ، حضرت مولانا الطاف رضا نیپالی ، حضرت حافظ شاہ عالم رضوی ، حضرت قاری خان محمد قادری کے ساتھ ساتھ جامعہ کاملیہ مفتاح العلوم کولہوئی بازار کے موقر استاذ حضرت مولانا حافظ آصف رضا تنویری صاحب اور حضرت مولانا افسر علی فیضی بندیشرپوری وغیرہ شریک رہیں۔
دارالعلوم فیض الرسول میں زیر تعلیم مولوی مقیم احمد اور دارالعلوم ہذا کے طلبا قاری محمد کلیم، حافظ محمد سیف، محبت علی وغیرہ نے بھی محفل پاک میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔