گجرات مذہبی گلیاروں سے

اعلیٰ حضرت کے دس نکاتی پروگرام کی عملی تعبیر

دارالعلوم شاہ عالم احمدآباد کے شیخ الحدیث کا انقلابی اعلان

احمدآباد (پریس ریلیز)

کام وہ لیجیے تم کو جو راضی کرے
ٹھیک ہو نامِ رضا تم پہ کروڑوں درود

امام اہل سنت، مجددِ دین و ملت، عاشقِ رسول ﷺ، فقیہِ اعظم اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری بریلوی علیہ الرحمہ کی خدماتِ جلیلہ اور احساناتِ کثیرہ کا ایک زمانہ معترف ہے۔ آپ نے اپنے علم و قلم کے ذریعے نہ صرف برصغیر بلکہ پوری دنیا کے اہلِ اسلام کو عزت و وقار عطا کیا۔ بے شمار فتاویٰ، ہزاروں کتب و رسائل اور بیش بہا پیغامات کے ذریعہ آپ نے امت کو راہِ راست دکھائی۔
آپ نے اصلاحِ عقائد و اعمال اور تحفظِ اہلِ سنت کے لیے متعدد پروگرام مرتب فرمائے، مگر ان میں سب سے زیادہ مقبول و مؤثر ’’فروغِ اہلِ سنت کے لیے دس نکاتی پروگرام‘‘ ہے، جو آج بھی رہتی دنیا تک ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔

فروغِ اہلِ سنّت کے لیے امام اہلِ سنت کا دس نکاتی پروگرام کچھ یوں ہے:

  1. عظیم الشان مدارس کھولے جائیں، باقاعدہ تعلیمیں ہوں۔
  2. طلبہ کو وظائف ملیں تاکہ وہ دین کی جانب مائل رہیں۔
  3. مدرسین کو ان کی کارکردگی کے مطابق بیش قرار تنخواہیں دی جائیں۔
  4. طلبہ کی صلاحیتوں کی جانچ ہو، جو جس کام کے مناسب ہو معقول وظیفہ دے کر اس میں لگایا جائے۔
  5. تیار شدہ اہلِ علم کو تنخواہیں دے کر ملک میں پھیلایا جائے تاکہ وہ تحریر و تقریر، وعظ و مناظرہ کے ذریعے اشاعتِ دین و مذہب کریں۔
  6. اہلِ قلم کو حمایتِ مذہب و ردِّ باطل کے لیے مفید کتب و رسائل تصنیف کرنے پر نذرانہ دیا جائے۔
  7. تصنیف شدہ یا نئی کتب کو عمدہ اور خوشخط طباعت کے ساتھ شائع کرکے ملک بھر میں مفت تقسیم کیا جائے۔
  8. ہر شہر میں آپ کے نمائندے اور نگران ہوں جو وہاں کی ضروریات سے آگاہ کریں تاکہ دشمنانِ دین کے مقابلے کے لیے حسبِ ضرورت علماء، خطباء اور کتب بھیجی جا سکیں۔
  9. قابل مگر معاشی تنگی کے شکار افراد کو وظائف مقرر کرکے فارغ البال بنایا جائے تاکہ وہ اپنی مہارت کے مطابق دین کی خدمت کریں۔
  10. مذہبی اخبارات شائع ہوں اور وقتاً فوقتاً دین کے دفاع میں مضامین بقیمت یا بلا قیمت ملک بھر میں روزانہ یا کم از کم ہفتہ وار پہنچائے جائیں۔

یہ دس نکاتی پروگرام اپنی جامعیت کے لحاظ سے پورے نظامِ ملت کے لیے منشورِ نجات ہے، جس میں تعلیم، تبلیغ، تصنیف، اشاعت اور دفاعِ اسلام کے ہر پہلو کو سمیٹ لیا گیا ہے۔

حضرت شیخ الحدیث صاحب کا اعلان:

اسی تناظر میں، 25 صفر المظفر 1447ھ مطابق 20 اگست 2025ء بروز بدھ، امام عشق و محبت اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کے 107ویں عرسِ رضوی کی مناسبت سے دارالعلوم شاہ عالم احمدآباد شریف گجرات کے شیخ الحدیث، حضرت علامہ و مولانا مفتی اصغر علی اشرفی صاحب قبلہ نے مسلکِ اعلیٰ حضرت کی تابندہ روشنی میں ایک شاندار اور لائقِ تقلید اعلان فرمایا۔

حضرت مفتی اصغر علی اشرفی صاحب قبلہ نے فرمایا:
"ششماہی امتحان میں جو بھی طالب علم 80 فیصد نمبر حاصل کرے گا اس کو یہ فقیر اپنی طرف سے ہر ماہ پانچ سو روپئے (Rs:500) دے گا۔ جو طالب علم ایک نشست میں قرآنِ عظیم ختم کرے گا اس کو پانچ ہزار روپیہ (Rs:5000) یہ فقیر دے گا۔ اور جو مدرس اپنی کارکردگی پورے سال بہتر سے بہتر ثابت کرے گا (اس کا فیصلہ ہمارے اراکین اور مجلس شوریٰ کے ذمہ داران کریں گے کہ کس کی کارکردگی بہتر ہے؟) اس مدرس کو سالانہ دس ہزار روپئے (Rs:10000) اور چھ مہینے میں پانچ ہزار روپے (Rs:5000) یہ فقیر دے گا۔”

اثرات و ثمرات:

یہ اعلان دراصل اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کے دس نکاتی پروگرام کی عملی تعبیر ہے۔ اس سے طلبہ میں شوقِ تعلیم اور ذوقِ محنت کو جِلا ملے گی، اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوگی اور نظامِ تعلیم و تعلم مزید نکھرے گا۔ یہ اقدام اس بات کی روشن دلیل ہے کہ آج بھی مسلکِ اعلیٰ حضرت زندہ جاوید ہے اور اس پر عمل کرنے سے ملت کے عز و وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔

اللہ عزوجل اپنے محبوب کریم ﷺ کے صدقے دارالعلوم شاہ عالم احمدآباد شریف کو دن دونی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ حضرت مفتی اصغر علی اشرفی صاحب قبلہ، تمام اساتذہ کرام اور اراکینِ دارالعلوم کے علم و عمل میں بے پایاں برکتیں عطا فرمائے۔ آمین۔

عملی اپیل:

اعلیٰ حضرت امام اہلِ سنت قدس سرہ کا دس نکاتی پروگرام صرف ایک تحریری منشور نہیں بلکہ ملت کے عروج و استحکام کا عملی دستور ہے۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم صرف ان نکات کو پڑھ کر خوش نہ ہوں، بلکہ ان پر عمل کرنے کے لیے اپنے وسائل، وقت اور صلاحیتوں کو وقف کریں۔

لہٰذا ہم سب کو چاہیے کہ:
★مدارسِ اہلِ سنت کے قیام و استحکام کے لیے بڑھ چڑھ کر تعاون کریں۔
★اہلِ علم طلبہ و اساتذہ کی سرپرستی کریں۔
★دین کے دفاع اور اشاعت کے لیے اہلِ قلم و اہلِ منبر کی حوصلہ افزائی کریں۔
★اپنی اولاد کو دینی تعلیم کی طرف راغب کریں اور ان کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں۔
★اپنی حیثیت کے مطابق مالی تعاون، فکری معاونت اور عملی محنت کو اس کارِ خیر میں شامل کریں۔
یقین جانیے! جب ہم سب اس عظیم الشان مشن میں اپنا حصہ ڈالیں گے تو نہ صرف ملتِ اسلامیہ کی تقدیر بدلے گی بلکہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی خوشنودی بھی نصیب ہوگی۔

✍️عبدالجبار علیمی ثقافی
نائب صدرالمدرسین:دارالعلوم شاہ عالم احمدآباد شریف،(گجرات)

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے