راجستھان

دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف میں 79واں جشن یوم آزادی تزک و احتشام کےساتھ منایاگیا

• رسم پرچم کشائی،جذبۂ حب الوطنی کااظہار،طلبہ کےدلچسپ تعلیمی وثقافتی مظاہرے اور قومی اتحاد نیز حصول تعلیم پر خصوصی زور!

باڑمیر،راجستھان[15 اگست]

مغربی راجستھان کی عظیم وممتاز اورعلاقۂ تھار کی مرکزی دینی وعصری درسگاہ “دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤ شریف باڑمیر،راجستھان” اور اس کے ماتحت وزیر نگرانی چلنے والے سبھی 86 مدارس ومکاتب میں 79 واں یوم آزادی بڑے ہی جوش وخروش، عقیدت و محبت اور شان وشوکت کے ساتھ منایاگیا-
اس سال بھی آزادی کے 78سال پورا ہونے کی خوشی میں 2 اگست سے 15 اگست تک “گھر گھر ترنگا ہر گھر ترنگا” مہم کے تحت پورے ملک سمیت ہمارے یہاں باڑمیر ضلع میں بھی لوگوں نے اپنے دوکان، مکان،فرم اور دفاتر وغیرہ پر قومی پرچم لہراکر حب الوطنی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ اس تحریک ومہم کو کامیاب بنایا- ،اس مہم وابھیان کا مقصد باشندگان ہند کے دلوں میں حب الوطنی کا جذبہ پیداکرنا اور ہندوستانی قومی پرچم “ترنگا” کی آن بان اور شان کے بارے میں لوگوں کو معلومات فراہم کرنے کےساتھ اس بارے میں بیداری کو فروغ دینا تھا،چانچہ اس مہم میں پورے علاقۂ تھار کے لوگوں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا اور اپنے اپنے تئیں اجتماعی پروگرام کرنے کے ساتھ ترنگا ریلیاں نکالیں اور قومی پرچم کے تئیں اپنی عقیدت ومحبت کا اظہار کیا-
دارالعلوم انوارمصطفیٰ،درگاہ حضرت پیرسیدحاجی عالی شاہ بخاری اور انوارمصطفیٰ سینئر سکندری اسکول سہلاؤشریف میں نورالعلماء پیرطریقت حضرت علامہ الحاج سید نوراللہ شاہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کے برادر کبیر حضرت پیر سید ابراہیم شاہ بخاری نے پرچم کشائی کے طور پر ترنگا جھنڈا لہرایا، دارالعلوم کے اساتذہ و طلبہ نے اجتماعی و انفرادی طور پر قومی ویکجہتی ترانے پڑھے،اور انوارمصطفیٰ سینئر سکندری اسکول کے بچوں نے مختلف رنگارنگ قومی و ثقافتی اور علمی پروگرامات پیش کرکے لوگوں کامن مونہہ لیا-بچوں کے پروگرام کی عمدگی سے خوش ہوکر پروگرام میں شامل سبھی بچوں کو لوگوں نے انعام ودعاؤں سے نوازا اور تعریف وتحسین کرکے خوب خوب حوصلہ افزائی کی-بچوں کے ذریعہ پیش کیے جانے والے پریڈ کامعائنہ قبلہ حضرت پیر سید ابراہیم شاہ بخاری مدظلہ العالی اور دارالعلوم کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی اور علاقے سے تشریف لائے معززین نے کیا-دارالعلوم اور دارالعلوم کے تحت چلنے والے اسکول کے بچوں نے یوم آزادی اور اس کی تاریخ، مجاہدین آزادی کی جاں بازیوں،وطن سے محبت،جنگ آزادی میں علماء ومدارس اسلامیہ کا کردار وغیرہ پر مشتمل معلوماتی باتیں اردو،ہندی،سندھی،ڈھاٹی وانگریزی زبانوں میں لوگوں کے سامنے رکھیں جب کہ دارالعلوم کے کچھ ہونہار طلبہ نے بڑی متانت وسنجیدگی اور پر وقار انداز میں یوم آزادی کا مفہوم، آزادی کا حقیقی مطلب و مقصد، جنگ آزادی میں مسلمانوں بالخصوص مدارس اور علماء کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے معلومات پر مشتمل باتیں لوگوں کے سامنے رکھا –
آخر میں دارالعلوم کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے یوم آزادی کے موقع پر اس منعقدہ پروگرام کی بہتری پر بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ انوارمصطفیٰ سینئر سکنڈری اسکول کے پرنسپل عالی جناب ماسٹر محمد یونس خان وجملہ اسٹاف کی بھی پروگرام میں شریک بچوں کی اچھی تیاری کروانے پر حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ مبارکباد پیش کی-اور ساتھ ہی ساتھ طلبہ کو کچھ مفید نصیحتوں سے بھی نوازا –
آپ نے اپنے مختصر خطاب میں جنگ آزادی میں شامل ان سبھی جانبازوں کو چند اشعار کے ذریعہ خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی آزادی کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کانذرانہ پیش کیا،ساتھ ہی ساتھ آپ نے اس پروگرام میں شامل سبھی مہمانوں کاشکریہ بھی اداکیا،اور آپ نے اپنے خطاب کے دوران لوگوں کو یہ تاکید وتلقین کی کہ ہم سبھی لوگوں کو چاہیے کہ ہم اپنے بچوں کو اعلیٰ دینی و عصری تعلیم دلانے پر خصوصی توجہ دیں اس لیے کہ تعلیم کے بغیر ہم کسی بھی شعبہ میں ترقی نہیں کرسکتے – اگر آپ لوگ چاہتے ہیں کہ ہمارا یہ ملک ترقی کرے تو اس کے لیے آپ تعلیم وتعلم کو فروغ دیں،اپنے بچوں کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم دلانے کی کوشش کریں اور ملک میں امن چین اور شانتی کا ماحول قائم کریں،خود امن چین،آپسی الفت ومحبت اور بھائی چارہ کے ساتھ زندگی بسر کریں اور دوسروں کو بھی چین سے جینے دیں،کسی پر ظلم وستم نہ کریں،اور کسی کی بھی حق تلفی قطعی نہ کریں- بعدہ عمدہ ولذیذ میٹھائیوں سے سبھی شرکاء کے منہ میٹھے کیے گیے-اور لوگوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی-
پروگرام کی نظامت ماسٹر محمد یونس خان صاحب نے کیا-
اس پروگرام میں خصوصیت کےساتھ یہ حضرات شریک ہوئے-حضرت پیر سید غلام محمد شاہ بخاری،حضرت پیر سید زمن علی شاہ بخاری، صاجب زادہ سید مہر علی شاہ بخاری،حضرت مولانا خیر محمد صاحب قادری انواری، مولانا‌محمد حسین صاحب قادری انواری، مولانا باقرحسین قادری برکاتی، مولانا فخرالدین انواری،مولانا اسلام الدین قادری انواری،حافظ وقاری برکت علی قادری،مولانا عبدالحلیم صاحب قادری انواری، مولاناقاری محمد جاوید سکندری انواری،مولانا برکت علی احسنی، مولاناروشن الدین انواری، حافظ وقاری محمد قمرالدین قادری انواری،قاری ارباب علی انواری، قاری عبدالواحد انواری،ماسٹر شیر محمد خان،ماسٹر‌ محمد اسحاق،ماسٹر محمد حنیف، ماسٹر محمد مقبول، ماسٹر محمدسلیمان،ماسٹر میر محمد، ماسٹر محمدمرید وغیرہم-
رپورٹ:حبیب اللہ قادری انواری
آفس انچارج:دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف، پوسٹ:گرڈیا،تحصیل:رامسر،
ضلع:باڑمیر{راجستھان}

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے