50 ویں عرس عزیزی وجشن زریں کے موقع پر خصوصی پیغام
حضور حافظ ملت حضرت علامہ شاہ عبدالعزیز محدث مرادآبادی رحمۃ اللہ علیہ کا نام اسلامی تاریخ میں ایک درخشاں ستارے کی مانند ہے۔ آپ نے اپنی پوری زندگی علم دین کے فروغ، مسلکِ اعلیٰ حضرت کی ترویج واشاعت، اور امت مسلمہ کی فکری و عملی تربیت کے لیے وقف کر دی۔ جامعہ اشرفیہ، مبارک پور کا قیام آپ کی بصیرت اور عزم کا عظیم الشان مظہر ہے، جو آج بھی دین و سنیت کے فروغ کا مرکز ہے۔
50ویں عرس حضور حافظ ملت اور جشن زریں کے موقع پر ہم حافظ ملت کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے مشن کو جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔ ان کی زندگی کا ہر پہلو عشقِ رسول ﷺ، تقویٰ، اخلاص اور امت کی صلاح و فلاح کے لیے وقف تھا۔ آپ نے علم و عمل اور کردار سازی کے ذریعے ایسے چراغ روشن کیے جن کی روشنی آج بھی دنیا بھر میں پھیل رہی ہے۔
حافظ ملت کی حیاتِ طیبہ ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ دینِ اسلام کی سربلندی اور امت مسلمہ کی اصلاح کے لیے علم و عمل کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ ان کا مشن ہمیں تعلیم و تربیت کے میدان میں بے لوث خدمت، اخلاقی کردار کی تعمیراور اخلاص کا پیغام دیتا ہے۔
50ویں عرس عزیزی کی مناسبت سے میں تمام مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ حافظ ملت کے مشن کو سمجھیں، ان کے بتانے ہوئے راستےپر چلیں، اور اپنی زندگی کو دین و ملت کی خدمت کے لیے وقف کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل کرنےاور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کی توفیق عطا فرمائے۔مذکورہ خیالات کا اظہار معروف عالم دین و قلمکار، دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف، باڑمیر، راجستھان کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ کیا-