بارہ بنکی بین الاقوامی

ہندوستانی اور ازبک زبانوں میں ترجمے کا بین ثقافتی رشتہ پر ڈاکٹر نیلو فر خود جائیوا کا خصوصی خطاب

بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)ہندوستانی زبانوں کا مرکز، جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی کی طرف سے ایک توسیعی لکچرکا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹر نیلو فر خود جائیوا، صدر ہائیر اسکول آف ساؤتھ ایشین لینگویجز، تاشقند اسٹیٹ یونیورسٹی آف اورینٹل لینگویج ، تاشقندازبکستان نے ترجمے کا بین ثقافتی رشتہ، ہندوستانی اور ازبکستان زبانوں کے موضوع پر تفصیلی خطاب کیا۔خطاب سے قبل پروفیسر خواجہ محمداکرام الدین نے ہندوستانی زبانوں کا مرکز،جے این یو میں ازبکستان سے آئے ہوئے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور سی آئی ایل کی طرف سے گولڈن جبلی تقریبات میں خصوصی خطاب کے لیے ان کا شکریہ اداکیا۔ واضح ہو کہ سی آئی ایل کی بنیاد جے این یو میں پچاس برس پہلے ڈالی گئی تھی ۔ ان پانچ دہائیوں میں سی آئی ایل نے ہندوستان اور بیرون ممالک میں ایک انمنٹ نقوش چھوڑے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ خصوصی خطاب کا یہ سلسلہ اسی گولڈن جبلی تقریبات کی ایک اہم کڑی ہے۔
ڈاکٹر نیلو فر خود جائیوا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان ثقافتی تعلقات کی تاریخ کئی صدیوں پر محیط ہے، اور حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے بیچ ترجمے کے میدان میں ایک نئی جہت نے جنم لیا ہے۔ ہندوستانی اور ازبک زبانوں کے درمیان ترجمے کا عمل نہ صرف زبانوں کے تبادلے کا وسیلہ بن رہا ہے بلکہ یہ دونوں تہذیبوں کے مابین ایک مضبوط بین ثقافتی رشتہ کو بھی جنم دے رہا ہے۔ترجمہ محض لفظی ترسیل نہیں ہے بلکہ یہ مختلف ثقافتوں، عقائد، روایات اور تاریخوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ ہندوستانی اور ازبک زبانوں میں ترجمے کا عمل ان دونوں اقوام کے مابین سمجھ بوجھ اور احترام کو فروغ دیتا ہے۔ ازبکستان کی ثقافت، ادبیات، اور تاریخ کو ہندوستانی قارئین تک پہنچانا، اور اسی طرح ہندوستانی ادب اور فنون کو ازبک عوام تک پہنچانا، دونوں قوموں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرتا ہے۔
اس پروگرام کی صدارت پروفیسر پروفیسر نوین کمار، پرفیسر بندنا جھا اور پروفیسر دیوندرکمار نے کی ۔ کنوینر ڈاکٹر نصیب علی نے مہمانِ خصوصی ، اساتذہ، طلبا و طالبات کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹر ملکھان سنگھ نے اس کی نظامت کی۔ اس خصوصی خطاب میں سی آئی ایل اساتذہ کے علاوہ بڑی تعداد میں ریسرچ اسکالرس اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے