خانقاہِ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ کے سجادہ نشیں حضور امین ملت کی اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر آمد: علمی و تحقیقی امور پر اظہارِ مسرت
مالیگاؤں: 30 ستمبر
میرے لیے آج خوش قسمتی کا دن ہے کہ میں آج اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر پر حاضر ہوں- اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قادری برکاتی کا ذکر ہمارے یہاں مارہرہ شریف کی ہر محفل میں ہوتا ہے- حضرت سیدنا شاہ ابوالحسین احمد نوری میاں رحمۃ اللہ علیہ نے اعلیٰ حضرت کو ’’چشم و چراغ خاندانِ برکات‘‘ کا لقب عطا فرمایا- ہم نے جب سے ہوش سنبھالا کوئی دن ایسا نہیں گزرتا تھا کہ ہمارے یہاں اعلیٰ حضرت کا ذکر نہ ہوتا ہو- ہمارا مشن مسلکِ اعلیٰ حضرت کی اشاعت ہے- میں نے 30- 40؍ ملکوں کا سفر کیا اور ہر جگہ مسلک اعلیٰ حضرت کا ذکر کیا- یہ مسلک وہی ہے جو خلفائے اربعہ کا تھا؛ جو غریب نواز کا تھا، بزرگانِ دین و سلفِ صالحین کا تھا؛ وہی عقائد و معمولات اعلیٰ حضرت نے پیش کیے- والد ماجد حضور احسن العلماء مارہروی علیہ الرحمۃ شارح کلام اعلیٰ حضرت تھے- ماہر رضویات تھے- اِس طرح کا اظہار خیال 28؍ستمبر 2024ء سنیچر کی دوپہر اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر پر شہزادۂ احسن العلماء امین ملت حضرت ڈاکٹر سید محمد امین میاں مارہروی صاحب قبلہ (سجادہ نشین خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف) نے فرمایا-آپ نے مزید فرمایا کہ: بہت خوشی ہوئی کہ ہمارے غلام مصطفیٰ ہمیشہ مجھے کتابیں بھیجتے رہتے ہیں- آج یہاں آنے کا موقع ملا- اتنا یہاں پر کام ہو رہا ہے- جو چیز تحریر میں آگئی وہ محفوظ اور عام ہوتی ہے- صدائیں فضاؤں میں بکھر جاتی ہیں لیکن تحریر محفوظ رہتی ہے- یہاں جو کام اعلیٰ حضرت پر ہو رہا ہے وہ مسرت افزا ہے- میں آئندہ جب بھی آؤں گا کئی گھنٹے آپ لوگوں کو دوں گا- اعلیٰ حضرت پر ہونے والا کام قابل قدر ہے- ازیں قبل مفتی عبیداللہ خان مصباحی (استاذ جامعہ حنفیہ سنیہ) نے کہا کہ دین کی اشاعت میں خانقاہوں کا کلیدی رول رہا ہے- خانقاہِ برکاتیہ کی خدمات ہمہ جہت ہیں- امین ملت کا وجودِ مسعود ہم اہل سنت کے لیے نعمت ہے- غلام مصطفیٰ رضوی نے امین ملت کی سرپرستی میں نوری مشن سے ہونے والے اشاعتی، طبی، فلاحی کاموں کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ الحمدللہ! کنزالایمان کے 4؍ایڈیشن شائع کیے گئے- مزید کئی علمی پروجیکٹس رو بعمل لائے جائیں گے- محفل کا آغاز حافظ فضیل چشتی کی تلاوت سے ہوا- موصوف ہی نے کلامِ اعلیٰ حضرت سے ماحول کو مشک بار بنا دیا- منتظم نے اظہارِ تشکر میں فرمایا کہ اعلیٰ حضرت فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے سربراہ علامہ محمد ارشد مصباحی اور اپنے ادارہ کی جانب سے ممنون ہیں کہ امین ملت نے اپنا قیمتی وقت ہمیں عنایت فرمایا اور یہاں تشریف لائے- اس موقع پر یہاں عبدالعزیز سنی، حافظ راشد برکاتی، حافظ شاہد رضا، حافظ ثاقب، حافظ ارشد، حافظ عبدالسبحان اشرفی، حافظ عمیر اشرف، حافظ توصیف اشرفی، شکیل برکاتی، عبدالرشید پٹھان، ڈاکٹر مشاہد رضوی، یوسف رضا، فیصل غازیانی موجود تھے- جب کہ محفل سجانے میں معین پٹھان رضوی، سعد رضوی، امین علی رضوی، شیخ آصف رضوی، شاداب رضوی، شہزاد برکاتی، یاسین رضوی، عتیق مالیگ، نوید رضوی نے اہم کردار ادا کیا- حضور امین ملت کی دعا پر بزم اختتام پذیر ہوئی- آپ نے اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کی تکمیل کی دعا کی- ایسی رپورٹ نوری مشن نے ارسال کی-