بارگاہِ تاجدارِ ختم نبوت ﷺ سے غریب پروری اور مسکین نوازی کا درس ملتا ہے
مالیگاؤں: امداد واعانتِ مسلمین کا جذبہ عاشقانِ رسول کی فطری اساس ہے۔ بارگاہِ تاجدارِ ختم نبوت ﷺ سے غریب پروری اور مسکین نوازی کا درس ملتا ہے۔ اسی پاکیزہ جذبے کے تحت ایک مدت سے اہلِ سنّت کی فعال تنظیم نوری مشن سے مستحقین میں ’’میلاد راشن کٹ‘‘ کی تقسیم عمل میں آ رہی ہے۔ امسال بھی میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی روح پرور ساعتوں میں اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر سے اعلیٰ حضرت فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کی سرپرستی میں 250؍راشن کٹ کی تقسیم عزتِ نفس کے ساتھ کی گئی۔ ہر کٹ میں تیل، شکر، آٹا، چاول، تور دال، مسور دال، مٹر، مصالحہ، چائے پتی، نمک، چنا، ہلدی پاوڈر، دھنیا پاؤڈر، مرچ پاؤڈر وغیرہ شامل ہیں- یوں ہی ادب و احترامِ ناموسِ رسالت ﷺ کے درس پر مشتمل اہم کتاب ’’تفسیر سورۃُ الکوثر‘‘ (ازعلامہ سید شاہ تراب الحق قادری، مطبوعہ نوری مشن) بھی تحفتاً پیش کی گئی۔ واضح رہے کہ یہ کٹس بیواؤں، یتیموں، ضعیفوں اور محتاجوں میں مکمل تحقیق کے ساتھ باقاعدہ فارم جاری کر کے عزتِ نفس کے ساتھ تفویض کی جاتی ہے۔ یوں ہی پابندی کے ساتھ سیرتِ مبارکہ سے منسلک لٹریچرز دیے جاتے ہیں جس کا نتیجہ ہے کہ اب تک ساٹھ ہزار سے زائد ایسے لٹریچرز بِلاقیمت تقسیم کیے گئے جن کا تعلق ناموسِ رسالت ﷺ سے ہے۔ کٹ کی تیاری میں حصہ لینے میں یاسین رضوی، شہزاد برکاتی، فرید رضوی، نعیم رضوی، معین پٹھان رضوی، سعد رضوی، شعیب رضا، محسن رضوی، محفوظ رضا، شاداب رضوی، شیخ آصف رضوی، محمد احمد، ارشاد رضوی، امین علی رضوی، نوید رضوی و احباب نے حصہ لیا۔ غلام مصطفیٰ رضوی نے بتایا کہ بحمدہٖ تعالیٰ اعانتِ مسلمین کے اِس مبارک موقع ’’عیدوں کی عید‘‘ پر نوری مشن سے متعدد کام ہر سال پابندی سے انجام دیے جاتے ہیں۔ یوں ہی ناموسِ رسالت ﷺ پر مدلل مواد سوشل میڈیا و پرنٹ میڈیا کی نذر کیا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ مزید فلاحی و امدادی کاموں کا ذوقِ فراواں عطا فرمائے نیز اِس مبارک فریضے میں حصہ لینے والے معاونین/احباب کو بارہویں شریف کی برکتوں سے نوازے۔ آمین بجاہ سیدالمرسلین ﷺ۔
