مرکزی ادارہ شرعیہ پٹنہ الہندمیں جشن عید میلادالنبیﷺ کاعظیم الشان اجلاس
پٹنہ (14/ستمبر 2024)
آج مورخہ 14/ستمبر 2024 بروز سنیچر مرکزی ادارہ شرعیہ کی جدیدعمارت میں نہایت تزک واحتشام کے ساتھ جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کا اجلاس ادارہ شرعیہ کے مہتمم حصرت علامہ مولانا سید احمد رضا صاحب کی قیادت اور صدر مفتی فقیہ ملت علامہ مفتی حسن رضا نوری صاحب کی صدارت میں انعقادکیاگیا۔جبکہ ادارہ شرعیہ کے پرنسپل حضرت مولانا نوازش کریم فیضی نےسرپرستی فرمائ۔اس پروگرام میں ادارہ شرعیہ کےتمام اساتذہ،طلباواراکین کے علاوہ کثیرتعداد میں عوام اہلسنت نے شرکت کی۔بعدنمازمغرب تا عشاء ادارہ شرعیہ کےطلباءکا پروگرام ہوا۔بعد نماز عشاء ادارہ شرعیہ کے موقر علماء کرام نے جان کائنات رحمت اللعالمین ﷺ کے میلاد مبارکہ کے حوالہ سے انقلاب آفریں خطاب فرمایا۔
اس موقع پر عظیم اسلامک اسکالر خطیب الہند نائب قاضی ادارہ شرعیہ مفتی غلام حسین ثقانی نے عشق مصطفیٰ ﷺ سے لبریزخطاب کرتےہوئے کہاکہ اللہ رب العزت کی تمام مطاہرکائنات کی آیات میں سب سے بڑی آیت محمد عربی کی ذات ہے۔
انہوں نےمیلاد کے حوالہ سے کہاکہ نبی اکرم نورمجسم پیغمبرمحمدکامیلاد پوری دنیاسے فساد کوختم کرنے کے لئے ہواہے۔اور یہ ان کی بعثت کاان کی آمدکامقصدبھی تھاانسان کے دل ودماغ جومختلف بیماریوں سے گندے ہوچکے تھے اسے اندرسے بھی پاک کرنااور باہر سے بھی صاف کرنا۔پیغمبراعظم نے قلیل مدت میں وہ انقلابی تحریک چلائ کہ ان کے شریانیوں میں صالح لہودوڑنے لگا۔انہوں نے مزیدکہاکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کی آمدکےصدقے میں بیماروں کو شفا،کمزوروں کو صحت،بے روزگاروں کو روزی ،بے اولادوں کو اولاد اورکفروشرک میں مبتلا لوگوں کو ایمان کی دولت نصیب فرمایا۔آپ کی تشریف آوری دنیا میں خیروبرکت کا باعث ثابت ہوئی۔ حضورصلی اللہ علیہ وسلم ایک ایسےہادی ورہبربن کرتشریف لائے جو ہرمخلوق کے لیے رحمت ہیں اورپوری دنیاکامسیحا ہیں۔اجانوروں کوبھی انہوں نے توانائ عطاکی،شجروحجرنے کلمہ پڑھااورحق وصداقت کی گواہی دی،آج امن وآمان کی بہاریں جوقائم ہیں اورقائم کرنے کی بات کرتے ہیں وہ اسی پیغمبراعظم کاصدقہ ہے۔
مفتی ثقافی نے بڑی وثوق کے ساتھ کہاکہ پوری دنیامیں امن وامان کی بات کرنے والی تنظیم اقوام متحدہ کے چارٹراٹھاکردیکھیں گے توپچھتر فیصددستور محمدعربی کا عطاکردہ دستورحیات ملےگا۔تحفظ انسانیت کی سرخیل کانام محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔وہ تحفظ انسانیت کے سب سے بڑے قانون داں ہیں۔ان کی بعثت انسانیت وآدمیت کواصل تخلیق کی دعوت تھی۔مذہب ومہذب کوبھول جانے والی قوم کے شریانیوں میں فاسقانہ کردار دوڑ رہاتھا،شراب نوشی،جوا بازی،سودخواری خواتین کی تذلیل وتحقیر،یتیموں کاحق مارنا،ظالموں کوجگہ دیناعرب کلچرکے لوازم میں سے تھے۔بعثت سرکار کائنات نے تمام خرافات کاخاتمہ کیا۔
نائب قاضی ادارہ شرعیہ نے تاریخی درپن پیش کرتے ہوئے کہاکہ آمدحضور سے قبل بھی انبیاء تشریف لاتے رہےلیکن وہ ایک مخصوص ملک کےلیے،مخصوص معاشرہ کے لیے،مخصوص خطہ کےلیے،مخصوص سماج کےلیے،مخصوص علاقہ کے لیے مگر آخری نبی حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم پوری کائنات کے لیے پوری انسانیت کے لیے نبی رحمت بن کرآئے ان کاپیغام مخصوص قوم کے لیے نہیں ہے بلکہ پورے عالم عالمیات کے لیے ہے۔ان کاسب سے بڑا کمال ہے کہ انسان کی فانوس کی زندگی ٹٹول کراس کی ہرخدوخال میں تہذیب وتمدن کاپیراہن پہنانے کاکام کیا۔قرنوں کی راسخ شدہ عادت بداور فخرآمیزمکروریاکے مجسمہ سے ترکیب پایاہوا کوبدل دیناآسان کام نہیں تھا۔وہ بہت آسانی سے اپنے ہی ہاتھوں سے بنائے ہوئے آہنی قفس کوتوڑکر نئ فضامیں پروازکوتیاربھی نہیں تھے لیکن اصلاح محمداوردعوت محمدصلی اللہ علیہ وسلم سے انہیں اندر سے بدل کرخدائے وحدت کے سامنے سجدہ ریز ہونے پرمجبورکردیا۔اورامن وآمان کی بہاریں قائم کی آج پوری دنیاظاہر طورسے بھی اور پوشیدہ طور سے بھی محمدصلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے نظم حیات،نظام کائنات اور قانون زندگی کے محتاج ہے۔
اخیر میں انہوں نے میلاد النبی ﷺ اور اسکی فضیلت کے حوالہ سے فقہائے کرام کی قیمتی اراءوں سے روشناس کرایا۔ اور کہاکہ میلاد النبی ﷺ تکمیل خواہشات کا ذریعہ ہے۔
ان کے علاوہ ادارہ شرعیہ کے ادارہ شرعیہ کے پرنسپل مولانا قاری نوازش کریم فیضی،مفتی عبدالباسط مصباحی، مفتی غلام سرور مصباحی، مفتی غلام اختر نوری،مفتی وسیم اختر، حافظ قاری معراج احمدفریدی،الحاج شاکر رضا نوری،
تربیت افتا کے علماء کرام اور مدرسہ شرعیہ کے طلباء نے نظم ونثر میں اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ نقابت ونظامت کے فرائض مفتی غلام رسول اسماعیلی نے بحسن وخوبی انجام دیا۔
اجلاس کو کامیاب بنانے میں جماعت فضیلت اور جماعت سادسہ کے طلباء نے اہم کردار ادا کیا.پروگرام کی مینیجنگ میں جناب آصف رضا٬حافظ مسعود٬حافظ جلال ٬مولوی غلام مصطفی٬مولوی صدرالدین٬پیش پیش رہے٬جلاس کااختتام صدرمفتی محمدحسن رضانوری کی رقت انگیز دعا پر ہوا۔

