گورکھ پور مذہبی گلیاروں سے

ڈی جے، آتش‌بازی اور ہر غیر شرعی باتوں سے پاک رکھیں جلوس: علماے کرام


مقدس مقامات کے تعزیہ نما نقوش قطعا جلوس میں نہ نکالیں : مفتی اختر

گورکھپور: آنے والی 16/ تاریخ کو پیغمبر اعظم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن مکمل اہتمام اور عقیدت کے ساتھ منایا جائے گا، اس سلسلے میں ذمہ‌داران تیاریوں میں لگے ہوئے ہیں، وہیں علما کرام نے جمعہ کے روز عوام سے امن و امان اور شریعت کے دائرے میں رہ کر جلوس عید میلادالنبی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نکالنے کی اپیل کی ہے۔

مفتی شہر اختر حسین منانی نے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں لغو اور بے کار باتوں سے روکا ہے، کسی کو تکلیف پہنچانے سے منع کیا ہے اور موسیقی یعنی میوزک کو حرام قرار دیا ہے،‌ جلوس میں بینڈ باجا بالکل نہ لے جائیں، مقدس مقامات کے تعزیہ نما نقوش قطعا جلوس میں نہ نکالیں، مسلمان کی شان یہ نہیں کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات و مرضی کے خلاف کام کرے ہمیں اس بار جلوس محمدی میں ان باتوں کا ضرور خیال رکھنا ہے، اور جلوس محمدی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کو غیر شرعی باتوں سے پاک رکھنا ہے جلوس میں تیز آواز اور دھنک والے ڈی جوں سے پرہیز کریں، عورتوں کو جلوس میں قطعا شریک نہ کریں، آتش‌بازی وغیرہ سے سخت پرہیز کریں۔

نائب قاضی مفتی محمد اظہر شمسی نے کہا کہ ربیع الاول شریف کے جشن میں آپ تمامی ذمہ‌دار حضرات اپنے جلوس کی نگرانی کریں خیال رہے کہ کسی بھی طرح کی غیر شرعی یا غیر مناسب چیزیں جلوس میں شامل نہ ہوں ساؤنڈ یا اسپیکر میں میوزک والے اشعار یا اشتعال انگیز تقاریر وغیرہ نہ بجائیں ہاسپٹل وغیرہ کے قریب سے گزریں تو آواز دھیمی کر دیں کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں دوسروں کا خیال رکھنے کی تعلیم دی ہے، درود پاک کثرت سے پڑھیں۔

مدینہ جامع مسجد کے امام مفتی معراج احمد القادری منانی نے کہا کہ عید میلاد کا یہ موقع تمام عالم کے لیے باعث برکت و مسرت ہے تمام عالم کے مسلمان مسرور ہیں لیکن ہمیں اس موقع پر اپنے آقا کریم صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات و ارشادات کا بھی مکمل لحاظ رکھنا ہے، انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جلوس محمدی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم میں آتش بازی قطعا نہ کریں یہ منکرات شرعیہ میں سے ہے اور شریروں کا عمل ہے اس کا ترک کرنا لازم ہے اس کے بے شمار دینی و دنیوی نقصانات ہیں آتش بازی مال کی بربادی اور حادثات کو دعوت دینے والا کام ہے لہذا آتش‌بازی سے اور تمام ممنوعات شرعیہ سے بچتے ہوئے شریعت کے دائرے میں رہ کر جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منائیں۔

انہوں نے کہا کہ جلوس میں باوضو شریک ہوں، نگاہیں نیچی رکھیں، صاف ستھرا لباس زیب تن کریں، خوشبو استعمال کریں اور درود پاک پڑھتے رہیں جلوس میں عورتوں کو شریک نہ ہونے دیں اور نہ ہی انہیں تماشائی بنائیں، عورتیں گھر میں رہ کر پیارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ذکر کریں اور درود پاک کا کثرت کے ساتھ ورد کریں ہمیں پیارے آقا صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے اس پُر بہار موقع پر شریعت کی پاسداری کرنی ہے ہم امید کرتے ہیں کہ آپ ناجائز کاموں سے جلوس محمدی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کو پاک رکھیں گے۔

سبزپوش ہاؤس مسجد کے امام حافظ رحمت علی نظامی نے عقیدت مندوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد کے موقع پر منعقد ہونے والے جلسوں و جلوسوں میں نبی پاک صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو بیان کریں، ممکن ہو تو نبی پاک صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی سیرت و کردار پر مشتمل معتبر کتابیں بانٹنے کا بھی اہتمام کریں، ربیع الاول شریف کے لیے لفظ بارہ وفات کا استعمال نہ کریں کہ یہ مناسب نہیں۔

مولانا محمد دانش رضا اشرفی نے کہا کہ ربیع الاول شریف ادب احترام کے ساتھ منائیں جلسہ و جلوس کے مہتمم حضرات مکمل روڈ بند نہ کریں بلکہ ایک جانب اپنی تقریب انجام دیں تاکہ راہ‌گیروں کو کسی صعوبت کا سامنا نہ کرنا پڑے باوقار اور پر امن طریقے سے جلوس برآمد کریں۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے