عید میلادالنبی
گورکھپور، 16/ ستمبر بروز پیر کو ہونے والے عید میلاد النبی کے تہوار کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہے، شہر کی تمام مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں اور اسلامی پرچموں سے سجایا جا رہا ہے، مسلم اکثریتی علاقوں کو اسلامی پرچموں اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجانے کا سلسلہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے، اتوار کو عید میلادالنبی کے موقع پر مختلف مقامات پر مجالس و محافل ہوں گی، جلوس محمدی سوموار کی صبح سے نکالا جائے گا، جس کا سلسلہ دیر رات تک جاری رہے گا، شہر میں عید میلادالنبی کے جلوسوں کی تیاری کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، پورے مہینے عید میلادالنبی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی تقریبات ہوں گی۔
عید میلاد النبی کے موقع پر جلوس کے دوران استعمال ہونے والے اسلامی جھنڈے، بیچز، عمامہ شریف، رنگین جھنڈیاں وغیرہ کی خرید و فروخت میں اضافہ ہوا ہے، شہر کے مختلف بازاروں میں جلوس سے متعلق سامان کی فروخت زوروشور سے جاری ہے، نخاس چوک، جو ان اشیا کی بازار کے طور پر متعارف و مشہور ہے، ان دنوں اسلامی جھنڈوں، رنگ برنگے جھنڈیوں اور بینرز سے ڈھکا ہوا ہے، یہاں کی دکانوں پر جھنڈے، بینرز اور دیگر آرائشی اشیا دستیاب ہیں۔
نخاس پر جمال بک ڈپو، علی بک ڈپو و نور بک ڈپو وغیرہ میں جلوس محمدی میں استعمال ہونے والی اشیا کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے، دکاندار محمد خورشید
نے بتایا کہ دیگر اضلاع سے بھی لوگ خریداری کے لیے گورکھپور آرہے ہیں، عید میلادالنبی کے قریب آتے ہی ان اشیا کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے، اس کے ساتھ ساتھ جلوس میں شامل ہونے والے ماڈل بنانے کا کام بھی زوروں پر ہے۔
سبزپوش ہاؤس مسجد کے امام حافظ رحمت علی نظامی نے کہا کہ حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر رسول پاک حضرت محمد صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم تک جتنے بھی انبیا و مرسلین اس دنیا میں تشریف لائے وہ انسانوں کو توحید، اتحاد اور نیک اخلاق کی دعوت دینے آئے، آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم ساری دنیا کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے، آپ نے انسانوں کو ان کے حقیقی مالک سے ملایا، قرآن پاک جو کہ رسول پاک صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم پر نازل ہوا وہ کسی خاص برادری کے لیے نہیں ہے بلکہ اس میں تمام انسانوں کے لیے اللہ تعالی کا پیغام اور ہدایت ہے، عید میلادالنبی کی خوشیوں میں سب کو شامل کریں، تہوار پرامن طریقے سے منائیں، انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، محبت کا پیغام دیں، جلسہ، جلوس و محافل میلاد النبی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے تعلیمات رسول پاک کو عام کرنے کی کوشش کریں، آتش بازی، ڈی جے وغیرہ اوامر لہو و لعب سے سختی کے ساتھ پرہیز کریں۔


