گورکھ پور مذہبی گلیاروں سے

عید میلادالنبی کی خوشیاں پیغمبر اسلام سے محبت کی دلیل ہے : حاجی اعظم عطاری

غوثیہ مسجد اندھیاری باغ میں محفل کا انعقاد، لنگر تقسیم

گورکھپور، غوثیہ مسجد اندھیاری باغ میں دعوت اسلامی انڈیا کی جانب سے ‘استقبال ماہ میلاد’ عنوان کے تحت محفل کا انعقاد کیا گیا، قاری جواد نے تلاوت قرآن پاک کی، نعت پاک عادل عطاری نے پیش کی۔

خصوصی مقرر حاجی محمد اعظم عطاری نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے انسانوں کو جینے کا سلیقہ سکھایا، لوگوں کو صحیح راستے پر چلنے کا درس دیا، پوری دنیا کی تخلیق پیغمبر اسلام صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے صدقے میں ہوئی، آپ تمام دنیا کے لیے رحمت ہیں، ماہ ربیع الاول کی 12 تاریخ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی تاریخ پیدائش ہے اور انسانی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جسے بھلانا ناممکن ہے، اس ماہ مبارک کی آمد پر دنیا بھر میں خوشیاں منائی جاتی ہیں، پیغمبر اسلام صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کی یاد میں ان کے نام پر محفلیں منعقد کی جاتی ہیں، عید میلاد النبی کا اہتمام کرنا اور شرعی حدوں میں رہ کر جشن منانا پیغمبر اسلام صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم سے محبت کی دلیل ہے اور شریعت کی نظر میں پسندیدہ عمل بھی ہے، پیغمبر اسلام صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے دنیا کو توحید، انسانیت اور مساوات کا پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبی کے موقع پر ہسپتالوں میں جائیں اور بیماروں میں پھل، دودھ وغیرہ تقسیم کریں، اپنے علاقوں میں مفت طبی کیمپوں کا اہتمام کریں، غریبوں اور یتیموں کی دست گیری کریں، غریب بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں مدد کریں، غریبوں اور یتیموں کو کھانا کھلائیں، ان تک ضرورت کی اشیا پہنچائیں، پڑوسیوں کا خیال رکھیں، جلوس محمدی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم میں ڈی جے، بینڈ یا ڈھول بجانے کی ہر گز اجازت نہیں ہے، ہنگامہ اور شور نہ مچائیں، آتش بازی بالکل نہ کریں اور بچوں کو بھی آتش بازی نہ کرنے دیں، جلوس محمدی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کو پرامن طریقے سے نکالا جائے، اس بات کا مکمل خیال رکھا جائے کہ جلوس میں کوئی مذہبی پوسٹر یا کعبہ شریف و گنبد خضری کی مثل کسی بناوٹ کی بے حرمتی نہ ہو، جلوس کے اختتام پر ہورڈنگز، بینرز اور جھنڈے محفوظ مقامات پر رکھ دیں۔

محفل کی صدارت کرتے ہوئے فرحان عطاری نے کہا کہ ہمیں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے توحید، محبت، رواداری، امن اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے، عید میلادالنبی کے موقع پر اہل وطن میں پھول اور مٹھائیاں تقسیم کریں، درخت لگا کر ماحول کو سرسبز بنائیں، اپنے شہر، گلی اور محلے کو صاف ستھرا رکھیں، عبادتیں کریں، روزہ رکھیں، میلاد کی محافل سجائیں، حدود شرع میں رہ کر عید میلاد النبی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم منائیں، گھروں اور مساجد کو جھنڈیوں اور روشنیوں سے سجائیں، جلوس کے راستے میں ہسپتال ہو تو خاموشی سے درود و سلام پڑھتے ہوئے گزر جائیں، جلوس کے راستے میں کوئی ایمبولینس آئے تو اسے ضرور راستہ دیں۔

آخر میں درود و سلام پڑھ کر دعائیں مانگی گئیں، لنگر تقسیم کیا گیا، محفل میں محمد انصاری مصباحی، سید ابراہیم عطاری، حافظ عارف رضا، محسن عطاری، مولانا سجاد عطاری، محمد ارزان عطاری، مولانا اشعر عطاری، تابش صدیقی، شیراز صدیقی سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے