- جلسہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم
گورکھپور، دین کا علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے، وہ علم جو ہمیں حلال اور حرام کا فرق بتائے اور جو اللہ کے حکم کے خلاف نہ ہو وہ علم حقیقی معنوں میں علم ہے، دین اسلام میں علم کی اہمیت کا اندازہ قرآن مجید کی پہلی آیت اقرا سے لگایا جا سکتا ہے، علم کے بغیر انسان نہ دنیا سنوار سکتا ہے نہ آخرت۔
یہ باتیں مولانا عبدالرحیم برکاتی نے اشرف کالونی رسول پور میں جلسہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے کہی۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام اللہ کا دیا ہوا پیغام ہے جو آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر قرآن پاک کی صورت میں نازل ہوا، پیغمبر اسلام نے اپنی پوری زندگی اللہ تعالی کے حکم پر گزاری، اللہ تعالی کے احکامات اور پیغمبر اسلام کی عملی زندگی مل کر دین اسلام کی تکمیل کرتے ہیں۔
مہمان خصوصی مولانا جہانگیر احمد عزیزی نے کہا کہ دین اسلام اللہ کا بھیجا ہوا سچا دین ہے جس کے تحت انسان اپنی زندگی میں سماجی، سیاسی، مذہبی، اخلاقی وغیرہ شعبوں میں کامیابی حاصل کرسکتا ہے، پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے جو معاشرہ بنایا تھا اس میں بڑوں کا احترام، چھوٹوں سے محبت، کمزوروں سے ہمدردی، بچوں پر شفقت، عورتوں کا احترام، مزدوروں کے ساتھ انصاف، اور ناانصافی و ظلم وغیرہ سے نفرت کا ماحول تھا، اس طرح پیغمبر اسلام نے ایک ایسا جدید اسلامی معاشرہ تشکیل دیا اور ایسے نظام حکومت کی بنیاد رکھی، جس کی روشنی میں آج کا جدید دور آسانی سے تعمیر کیا جا سکتا ہے۔
آخر میں درود و سلام پڑھنے کے بعد سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں، جلوس میں افضل خان، راجو، شاہد برکاتی، مہتاب عالم، مولانا اسحاق، قاری فروغ، محمد شکیب، امان عطاری، شہزادے، فیصل، ۔غلام یاسین وغیرہ شامل تھے۔