گورکھ پور

جلسے، جلوس و فلاحی کاموں کے ذریعے عام کی جائے گی پیغمبر اعظمﷺ کی تعلیم

عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آج

صمد احمد صدیقی
خبرنامہ ہماری آواز

گورکھپور، ١٢/ ربیع الاول شریف کو پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت ہے جسے پوری دنیا عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طور پر مناتی ہے یہ تہوار ٢٨/ ستمبر بروز جمعرات عقیدت، احترام اور سادگی کے ساتھ منایا جائے گا عید میلادالنبی اور جلوس محمدی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہے۔
جلسوں اور جلوسوں اور فلاحی کاموں کے ذریعے عام کی جائے گی پیغمبر اسلام کی تعلیمات، پرچم کشائی کی رسم ہوگی ادا۔

عید میلاد کے اس مبارک موقع پر غوث اعظم فاؤنڈیشن گورکھپور کی ٹیم کی جانب سے ضرورت مندوں میں پھل تقسیم کیا جائے گا، شاہی جامع مسجد، تکیہ کولدہ میں شجرکاری کی جائے گی‌۔

جلوس میں اسلامی جھنڈوں اور بینرز کے ذریعے دین اسلام کا پیغام عام کیا جائے گا جلوس میں پیغمبر اسلام کی زندگی، مقدس مقامات و مساجد کے نقوش توجہ کا مرکز ہوں گے درود و سلام اور نعرۂ تکبیر و رسالت کی صدا بلند کی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ جلسہ اور میلاد کی محفلوں میں علمائے کرام پیغمبر اسلام کی فضیلت، شان، عظمت اور فضائل بیان کریں گے اور لوگوں سے سچائی، دیانت اور شریعت کے مطابق زندگی گزارنے کی اپیل کریں گے، کئی علاقوں میں لنگر بھی تقسیم کیا جائے گا۔

جمعرات کی صبح شہر کی تمام مساجد اور محلوں میں پرچم کشائی کی رسم ادا کی جائے گی۔ یا نبی سلام علیک، یا رسول سلام علیک، مصطفی جان رحمت پہ لاکھوں سلام حضور کی آمد مرحبا وغیرہ پیارے اقوال سے فضا گونج اٹھے گی، پرچم کشائی کے بعد رحمت نگر، وارث کمیٹی میاں بازار، کمیٹی خدام النبی ترکمان پور، احمد نگر چکشہ حسین، جعفرا بازار، مرزا پور چافہ، غازی روضہ، رسول پور، بڑگوں، ترکمان پور، خونی پور، گورکھ ناتھ، دیوان بازار، الٰہی باغ، نظام پور، چلماں پور، تکیہ کولدہ، نخاس، خونی‌ پور، وغیرہ تمام جگہوں سے جلوس محمدی نکالا جائے گا جس کا پہلا سلسلہ حکومت کی ہدایات کے مطابق صبح سے شروع ہو کر دوپہر بارہ بجے تک بعدہ رات ساڑھے دس بجے سے صبح تلک جاری رہے گا، نخاس چوک جلوسوں کا مرکز رہے گا، تمام مسلم اکثریت علاقوں میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اجتماعات ہوں گے، عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر بچوں اور بڑوں میں کافی فرحت و مسرت نظر آ رہی ہے نخاس پر جھنڈوں اور بینروں کی دکانیں آباد ہیں۔

غازی مسجد غازی روضہ، نوری جامع مسجد چکشہ حسین، سبحانیہ جامع مسجد تکیہ کولدہ، حسینی جامع مسجد بڑگوں سمیت تمام مساجد، درگاہوں، گھروں اور علاقوں کو پھولوں، روشنیوں، اسلامی پرچموں اور غباروں وغیرہ سے سجایا گیا ہے گھروں، مساجد اور درگاہوں پر اسلامی پرچم فخر سے لہرا رہے ہیں، جلوس کے استقبال کے لیے کئی مقامات پر گیٹ اور اسٹیج بھی تیار کیے گئے ہیں، محلہ احمد نگر چکشہ حسین کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

بدھ کی شام سے ہی گولگھر، احمد نگر چکشہ حسین، غازی روضہ، شاہد آباد، خونی پور، رحمت نگر، سوریہ وہار سمیت تمام مسلم اکثریت علاقوں کے گھروں اور مساجد میں میلاد النبی کے اجتماعات، جلسہ، قرآن خوانی، فاتحہ خوانی، دعا خوانی اور نعت خوانی کا انعقاد کیا گیا۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے