گورکھ پور

پیغمبر اسلام پوری دنیا کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے: مولانا نظام الدین

  • محمد‌پور، جمونہیا‌باغ میں جلسۂ عید میلاد النبیﷺ

صمد احمد صدیقی
خبرنامہ ہماری آواز

گورکھپور، ٢٦/ ستمبر بروز منگل محمد‌پور، جمونہیا‌باغ، گورکھ‌ناتھ میں جلسۂ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوا، قرآن پاک کی تلاوت ہوئی اور نعت پاک پیش کی گئی‌۔

خصوصی مقرر مولانا نظام الدین نوری نے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت و کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کا اصل مشن توحید، امن، اور اخوت ہے۔ دین اسلام ہمیں وطن سے محبت کا پیغام دیتا ہے، کسی بھی ملک کی ترقی امن، بھائی چارے اور باہمی محبت کی فضا میں ہی بڑھاوا پا سکتی ہے، پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہی ملک، برادری اور معاشرہ کو خوش رکھا جا سکتا ہے، پیغمبر اسلام نے ہمیشہ اپنے کردار اور طرز عمل سے بنی نوع انسان کو یہ درس دیا کہ تمام انسان اللہ تعالی کے بندے ہیں، پیغمبر اسلام تمام دنیا کے لیے رحمت اور رہنما بن کر تشریف لائے، عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشیوں میں سب کو شامل کریں، پیغمبر اسلام کی تعلیمات کو عام کریں۔

مقرر قاری محمد ذوالقرنین نے کہا کہ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر فرش سے عرش تک خوشیاں منائی جاتی ہیں، جلوس کے دوران کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے کسی کو ذرا بھی پریشانی ہو، حلال رزق کمائیں، حرام سے سختی سے اجتناب کریں، جلوس امن و احترام کے ساتھ نکالیں۔ پیغمبر اسلام کی تعلیمات کو خود اپنائیں اور اسے دوسروں تک پہنچائیں، برائی سے بچنے کی کوشش کریں، پیغمبر اسلام کے صحابہ کرام، اہل بیت اطہار، تابعین عظام، اولیا ذوی الاحترام اور علمائے کرام نے پیغمبر اسلام کے نقش قدم پر چل کر انسانوں کو توحید و حق کا راستہ دکھایا ہے ہمیں ان سب کا احترام بجا لاتے ہوئے ان کے نقوش قدم کی پیروی کرنی چاہیے۔

آخر میں درود و سلام پڑھ ملک کی سلامتی اور دین کی سربلندی کے لیے دعائیں مانگی گئیں جلسے میں محمد حسن رضا، شمیم القادری، محمد مناظر حسن، نذیر احمد، حافظ محمد عارف رضا، محمد حسنین رضوی، شکیل قادری، وغیرہ موجود تھے۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے