- خانقاہ سلیمیہ نبی دینیہ پپرا شریف کے سجادہ نشیں کے چھوٹے بھائی کا انتقال، مریدین و متوسلین سوگوار
موتی ہاری
خانقاہ سلیمیہ نبی دینیہ پپرا شریف کے سجادہ نشیں صوفی وصی احمد شاہ چشتی کے چھوٹے بھائی حضرت شاہ صوفی صفی احمد چشتی کا حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال ہو گیا۔ موصوف گزشتہ کئی ماہ سے بیمار تھے۔ لیکن قدرت کے سامنے کسی کی نہیں چل سکتی ہے۔ واضح ہو کہ حضرت صوفی صفی احمد شاہ چشتی چریا بلاک میں گرام سیوک کے عہدہ پر بحال تھے۔ مرحوم نہایت خلیق و ملنسار تھے۔ اپ کے وارثین میں اہلیہ سمیت دو صاحبزادہ اور ایک صاحبزادی شامل ہیں۔ گزشتہ کئی ماہ سے بیمار تھے۔ نماز جنازہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے مفتی غلام غوث چشتی مصباحی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس کائنات کی تخلیق فرمائی اور حیات و ممات کا ایسا نظام قائم فرمایا جس میں عام افراد کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ہر نفس کو موت کا مزہ چکھنا ہے۔ سرکار کی حدیث پاک ہے کہ موت ایک ایسا جام ہے جسے ہر نفس کو پینا ہے اور قبر ایک ایسا دروازہ ہے جس میں ہر انسان کو داخل ہونا ہے۔ جملہ انبیاء و رسل علیہم السلام کو بھی اجل آئی ہے۔ اپنے وقت کے بڑے بڑے شہنشاہ، بہادر و پہلوان، مسکین و نادار کسی کو موت سے رستگاری نہیں ہے۔ اس لیے ہمارا دینی فریضہ ہے کہ مذہب اسلام کے اصولوں کے مطابق اپنی زندگی گذاریں۔ اپنے اخلاق و کردار کو بہتر سے بہتر کریں۔ کیونکہ قبر ہماری پہلی منزل ہے اگر یہاں کامیاب ہو گئے تو آگے کی سبھی منزلیں آسان ہو جائیں گی۔
نماز جنازہ میں صوفی وصی احمد شاہ چشتی، صوفی احسان علی چشتی، ذکی احمد چشتی، رفیع احمد چشتی، قاصد علی چشتی، مولانا حشمت علی رحمانی ، مولانا کیفی تیغی سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔