- امام عالی مقام نے حق پرستی کی تاریخ اپنے لہو سے رقم کی ۔ نعمت اللہ جامعی
موتی ہاری (انیس الرحمن چشتی)
کیسریا و قرب و جوار میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع سے جلوس شہدائے کربلا نہیں نکالا گیا۔ اس ضمن میں قومی ایکتا فرنٹ کے صدر و جے ڈی یو لیڈر وصیل احمد خان نے کہا کہ برادران وطن کے تیوہار کی وجہ سے امسال جلوس شہدائے کربلا نہیں نکالا گیا ہے۔ ملک ہندوستان قومی ایکتا و گنگا جمنی تہذیب کی خوبصورت مثال ہے۔ حیدریہ کمیٹی پرانی بازار کے زیر اہتمام کیسریا جامع مسجد میں منعقدہ محفل ذکر شہدائے کربلا کے دوران کہا کہ سر زمین کربلا پر نواسۂ رسول کی شہادت دنیا کو تحفظ انسانیت و حق پرستی کا درس دیتی ہے۔ امام حسین کسی خاص طبقہ کے ہی محبوب نظر نہیں ہیں۔ بلکہ پوری دنیائے انسانیت کے امام ہیں۔ ان کے یکجہتی، اخوت و مساوات، حق پرستی و بیباکی کے پیغام کو عام کرنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نعمت اللہ جامعی نے کہا کہ یزیدیوں نے اصول شریعت کو مٹانے کی ہر ناپاک کوشش کی لیکن امام عالی مقام سیدنا امام حسین علیہ السلام نے مقدس لہو سے گلشن اسلام کی آبیاری فرمائی۔ پیغام کربلا کو عام کرنے اور اس پر سختی سے عمل پیرا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ امام حسین کی شہادت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ امام عالی مقام انسانیت، جمہوریت ،حریت کے سچے علمبردار ہیں ۔
قاری عبید رضا نوری، قاری سراج الدین سراجی نے نعت و منقبت کے اشعار پیش کیے۔
اس موقع سے مولانا اختر علی ناز قادری ، مولانا طیب علی ، محمد ادریس ، محمد منصور، ناز احمد خان عرف پپو خان، حاتم خان، اشفاق خان ، محب اللہ عرف منا مکھیا ، فیضان مصطفیٰ، نظام الدین خان ، الطاف حسین ، جمیل اختر ، نبیل احمد خان موجود تھے ۔