مظفرپور(پریس ریلیز)یہ خبروحشت اثر نمناک آنکھوں سے پڑھی جائے گی کہ جماعت اہلسنت کی ممتازومنفرد درسگاہ
جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے سابق قابل فخرمدرس، ہزاروں محدثین،فقہاء،مفسرین اورصاحبانِ زبان وقلم کےاستاذ،عالم اجل ،فاضل اکمل حضرت مولانا اسراراحمد صاحب قبلہ مصباحی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ کا آج انتقال ہوگیا ایسی ہی علم پاش اورفیض بخش شخصیت کے اٹھ جانے پر رسول گرامی وقار محمدعربی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کاقول صادق آتا ہے کہ ایک عالِم کی موت ایک عالمَ کی موت ہے
آپ فراغت کے بعد سے 2010/تک جامعہ اشرفیہ میں اپنی تدریسی خدمات انجام دیتے رہے،اپنے بادہ علم و ادب سےسرشار کرتے رہے اوراپنےزم زم فکرو آ گہی سے قوم کے نونہالوں کوسیراب کرتے رہے آپ کا زمانہ تعلیم وتعلم کم وبیش چاردہائیوں پرمشتمل ہے اس چالیس سال کےطویل تدریسی سفر میں جماعت اہلسنت کو آپ نے ایک سے بڑھ کر ایک علم وشعور کا کوہ نور عطاکیا،اسلامی معاشرے سے علمی پسماندگی ،فکری قلاشی اورجہالت کی ظلمتوں کودور کرنے کے لئے حددرجہ کوششیں کیں اورجلالتہ العلم حضور حافظ ملت قدس سرہ کے حکم وارشادپر پوری قیمتی زندگی جامعہ اشرفیہ مبارک پورکے لیے وقف کردی آج ملک اوربیرونِ ملک حضرت کے فیض یافتگان کاایک جال بچھا ہوا ہے جواسلام وشریعت کی تبلیغ اورمسلک اعلیٰ حضرت کے فروغ میں کوشاں ہیں
یقیناً آپ کا سانحہ ارتحال جماعت اہل سنت کے لیے نقصان وخسران کا باعث ہے آپ کی شخصیت جہاں علم و فضل،زہدوتقوی ،عجزوانکساری میں باکمال تھی وہیں طلبہ کے ساتھ خوبصورت اخلاق،شفقت ورافت اورحسنِ سلوک میں بھی بے مثال تھی اگرعبارت خوانی وغیرہ میں کہیں کوئی غلطی ہوجاتی تونہایت محبت آمیز لہجے میں اس کی اصلاح فرماتے ،کبھی علم کا بخارطلبہ پرنہیں اتارتے اورنہ ہی اپنا علمی رعب ظاہر فرماتے دوران تدریس درسگاہ میں نظریں ہمیشہ جھکی ہوتیں اورآپ کے علمی فیضان کا بادل جھوم جھوم کربرستا ہوتا اورہرطالب علم اپنے ظرف کے اعتبار سے سیرابی حاصل کرتا
آج وہ باوقار علمی ذات ہمارے درمیان نہیں ہے تاہم ان کی علمی نکہتوں سے بہت ساری درسگاہیں معطر ہیں ،اخلاقی قدروں کا اجالا ازافق تاافق نظرآ رہا ہےاوران کے پیارکی لذتیں ہم خواجہ تاشان کو اپنے حصار میں لئے ہوئی ہیں
دعا ہے کہ خدائے غافرونعیم استاذالعلماء حضرت علامہ مولانا اسراراحمدصاحب قبلہ علیہ الرحمہ کی تربت اطہرپر قیامت کی صبح تک اپنی رحمتوں کی برکھا برسائے ،درجات بلند کرے اور ان کی خدمات دینیہ کو قبول فرماکر اپنی رحمت خاص میں جگہ عنایت فرمائے آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وصحبہ اجمعین
سوگوار
محمدقمرالزماں مصباحی مظفرپوری