ملک کا عظیم قلم کار, بے باک صحافی, حق پرست و حق پسند مصنف, اردو زبان و ادب کا سچا خادم جناب اشرف استھانوی کا انتقال نہایت افسوسناک ہے- اردو صحافت کا ناقابل تلافی خسارہ ہے- انتقال کی خبر ملتے ہی ادبی دنیا میں سناٹا چھا گیا اور سوگوارانہ ماحول ہوگیا- ضلع مشرقی چمپارن کی ادبی و صحافتی شخصیات نے مرحوم کی مغفرت و نجات و ترقی درجات کی دعائیں کی- ادارہ ادب اسلامی ہند موتیہاری کے ضلع صدر و چیف بیورو روزنامہ قومی تنظیم ، مشرقی چمپارن عزیرانجم نے اپنی تعزیتی پیغام میں کہا کہ جناب اشرف استھانوی کا انتقال ادبی دنیا کا عظیم خسارہ ہے- جہان اردو ادب نے ایک بے لوث خادم , بے باک صحافی کھودیا- مرحوم سے قلبی لگاؤ اور بے پناہ محبت تھی- جب بھی ملاقات ہوتی نہایت خوش اخلاقی کے ساتھ ملتے – جو بڑے لوگوں کی شناخت ہے – اللہ ان کے درجات کو بلند فرمائے- تنویر احمد خان ضلع صدر انجمن ترقی اردو نے کہا کہ اشرف استھانوی مشہور صحافی اور بڑے دانشور تھے ، اپنی جرات و بے باکی کی وجہ سے ادبی دنیا میں معروف و مقبول تھے ، وہ علم دوست اور قدر شناس تھے- ان کی وفات اردو صحافت کے لئے بڑا خسارہ ہے –
عوامی اردو نفاذ کمیٹی مشرقی چمپارن کے ضلع صدر و صحافی روزنامہ تاثیر انیس الرحمن چشتی نے کہا کہ موت ایک ایسی حقیقت ہے جس کا انکار ممکن نہیں اور جس کا سامنا ہر اک فرد کو کرنا ہے – جناب اشرف استھانوی سے دیرینہ تعلقات تھے – اردو زبان و ادب کی ترویج و ترقی کے لیے ہمیشہ کوشاں اور فکرمند رہتے- اس قدر ادب نواز تھے کہ نئے قلمکاروں, ادیبوں, شاعروں, صحافیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہتے اور اردو کا کام کرنے کی ہمیشہ تاکید کرتے- اردو صحافت کا عظیم ستارہ ڈوب گیا یہ اردو صحافت اور جہان ادب کا ناقابل تلافی خسارہ ہے- اللہ تعالی ان کی مغفرت کرے ، لواحقین کو صبر اور اردو صحافت کو نعم البدل عطا فرمائے- جامعہ زکریا ڈھاکہ کے ناظم و روزنامہ انقلاب کے بیورو چیف مفتی ابوسلمان احمد قاسمی نے کہا کہ حق پرست صحافی، مجاہد اردو , ممتاز دانشور جناب اشرف استھانوی کا انتقال نہایت غم ناک و افسوسناک ہے ۔ ان کی موت سے اردو صحافتی و ادبی دنیا میں ایک ایسا خلاء پیدا ہوگیا ہے جس کا مستقبل قریب میں پر ہونا ممکن نہیں ۔ مرحوم نہایت خلیق و ملنسار شخصیت کے حامل تھے- اللہ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ اللہ رب العزت مرحوم کے پسماندگان اور متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
تعزیت پیش کرنے والوں میں اردو صحافی برادران سمیت صحافی عزیر سالم ، محمد آصف ، عظیم اقبال ، شکیل شاغل ، عقیل احمد ، انتطار الحق ، فضل المبین ، سیف اللہ ,محمد اشرف عالم نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
