- اعلیٰ حضرت یوتھ بریگیڈ کے زیر اہتمام کانتی نگر میں جشن عید میلادالنبی کا انعقاد
نئی دہلی(محمد طیب رضا)
اعلیٰ حضرت یوتھ بریگیڈکے زیر اہتمام کانتی نگر میں جشن عید میلا دالنبی ﷺکا انعقاد کیا گیا جس کی سرپرستی وصدارت مولانا محمد افتخار حسین رضوی بانی و چیرمین اعلیٰ حضرت یوتھ بریگیڈجبکہ نظامت مو لانا محمد انور علی رضوی مظفر پوری نے کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن اور شرف الدین شرف جونپوری،قاری معراج، قاری شاداب رضا،اور حافظ محسن رضا کے نعتیہ کلاسم سے ہوا۔اس موقع خطاب کرتے ہوئے علامہ شکیل امروہوی نے کہا کہ آج جو کچھ ہے وہ سرور کائنات کی بدولت ہے اگر حضور اس خاکدان گیتی پر جلوہ گر نہ ہوتے تو آج ہم بھی اس دنیا میں نہ ہوتے۔جب آقائے کریم دنیا میں تشریف لائے تو یہاں کا ذرہ ذرہ خوشیاں منا نے لگا تو پھر وہ خوشیاں کیوں نہ منائیں جنہیں آپ کے صدقے میں اشرف المخلوقات کا تمغہ حاصل ہوا ہو۔انہوں نے کہا کہ پروردگار عالم کا ہم عصیاں شعار بندوں پر یہ احسان عظیم ہے کہ اس نے ہمیں طرح طرح کی نعمتوں سے سرفراز فرمایا جس کا ہم شمار نہیں کرسکتے اور ان تمام نعمتوں میں سب سے افضل ترین نعمت یہ ہے کہ اس نے ہماری ہدایت و رہنمائی کے لئے محمد عربی کو خاتم النبین بناکر اس دنیا میں مبعوث فرمایا۔مولانا افتخار حسین رضوی نے کہا کہ پیدائش رسول ﷺ کا جشن مناناباعث ثواب ہی نہیں بلکہ بخش کا ذریعہ بھی ہے کیوں کہ ہم کسی دنیا دار کا جشن نہیں منا رہے ہیں بلکہ اس مختار کائنات کا یوم ولادت منا رہے جس کے صدقے میں دونوں جہان بنے۔انہوں نے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ نے فرما دیا کہ جب تمہیں کوئی نعمت میسر آئے تو خوشی کا اظہار کیاکرو تو جب نعمت نہیں بلکہ نعمت عظمی آقائے کرام کی شکل میں ملی ہے تو پھر ہم مسرت وشادمانی کا اظہار کیوں نہ کریں۔اس موقع پرمدرسہ غوثیہ رضویہ سے فارغ ہو نے والے طالب علم حافظ سعید اخترکٹیہار کو دستار و اسناد سے سرفراز کیا گیا۔اخیر میں مو لانا شرف عا لم نے ملک میں امن و سلامتی کے لئے دعاکرائی۔ اہم شرکا میں قاری شمس الحق،حافظ عظیم،حافظ شیر علی، حافظ کیف رضا، حافظ محمد رضوان کیفی، حافظ وسیم رضا،حافظ سعید اختر، امتیاز عرف دیوانہ کے نام قابل ذکر ہیں۔جلسہ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں قاسم علی رضوی، محمد اشفاق حسین، صغیر احمد ادریسی، شاہنواز عالم، حاجی کبیر احمد بنارسی، شہاب علی نوری،محمد فراہیم، شریف خان، نسیم صدیقی،شہید دلارے،خالد خان شمیم احمد ظہیرالدین اورحاجی شمس الدین نے اہم کردار ادا کیا۔