(علی گڑھ ،ضیاءالرحمن امجدی ) البرکات اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ علی گڑھ (یوپی) میں سید محمد امان قادری ڈائریکٹر (ABIRTI) کی سرپرستی میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔
محفل کا آغاز مولانا قاری محمد انس صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس کے بعد مولانا محمد شفیق مصباحی اور مولانا محمد خالد رضا احسنی صاحب نے اپنی خوبصورت آوازوں میں مدحت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حسین گلدستے پیش کیے
ناظم محفل مفتی محمد جنید مصباحی (اسلامک اسکالر) نے کہا کہ” جب سے اس مبارک ماہ کا چاند طلوع ہوا ہے ہر ایک دلوں میں ناقابل بیان فرحت و سرور موجیں مار رہی ہیں، آج اسی خوشی کو ہم سب محسوس کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں ۔
مفتی محمد عبد المصطفیٰ مصباحی نے اپنی خطاب نایاب سے سامعین کو مقام نبوت اور آداب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے انمول خزانے سے مالامال کیا، آپ نے کہا کہ ربیع النور وہ مہینہ ہے جس کے صدقے میں تمام مہینوں کو فضیلت ملی، اس مہینے میں تشریف لانے والے آقا مقصود کائنات ہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ مبارکہ وہ ذات ہے جس کی اطاعت دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہے، مقام نبوت کو بتاتے ہوئے "عزت بخاری” کی یہ خوبصورت دو لائن پیش کی۔
ادب گاہسیت زیر آسماں از عرش نازک تر
نفس گم کردہ می آید جنید و بایزید ایں جا
اور آپ نے اس کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ
اس روئے زمین پر حضرت محمد مصطفی ﷺ کا شہر ایک ایسی ادب گاہ ہے جہاں حضرت جنید بغدادیؒ اور حضرت بایزید بسطامیؒ جیسے عظیم الشان ولی بھی سانس روک کر آتے ہیں۔ یعنی ادب سے اونچی سانس نہیں لیتے۔
مزید انہوں نے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی ہمارے لئے نمونہ ہے آئیڈیل ہے اگر ہم دنیا و آخرت کو سنوارنا چاہتے ہیں تو ہمیں سیرت النبی کا محبت کی نگاہ سے مطالعہ کرنا ہوگا.
شیخ نعمان احمد ازہری صاحب نے "مطالعہ سیرت کی اہمیت” پر وہ لال و گوہر طلبہ اور سامعین کو دیے جو برسوں کتاب گردانی کرنے پر بھی مشکل سے ملتا، اور فرمایا کہ یہ مہینہ میلاد مصطفیٰ کا مہینہ ہے اس مہینے میں مطالعہ سیرت کو میلاد پاک سے شروع کریں، کیوں کہ یہی صحیح طریقہ ہے، اسی لیے میلاد پاک کی محفلیں سجائی جاتی ہیں، مطالعہ سیرت کے متعلق یہ بہت ہی پیاری بات کہی آپ نے کہ اللہ پاک نے انسان کو بحیثیت انسان شرافت و کرامت سے نوازا ہے اس میں تخصیصِ نہیں ہے بلکہ آپ کسی بھی مذہب و مکتب کے ماننے والے ہوں اگر آپ انسان ہیں تو آپ کو زندگی گزارنے کے اصول رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہی سے سیکھنے ہوں گے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے ” بیشک رسول اللہ کی زندگی تمہارے لیے بہترین نمونہ ہے ‘ ہر اس شخص کے لیے جو اللہ اور قیامت کے دن کی امید رکھتا ہو اور اللہ کو بہت یاد کرتا ہو” لہذا کامیاب زندگی گزارنے کے لیے سیرت کا مطالعہ بہت ضروری ہے، سیرت پاک پر چل کر ہی ہم کامیاب و کامران ہو سکتے ہیں،
صلاۃ و سلام اور ڈاکٹر سلمان علیمی کی دعا پر محفل اختتام پذیر ہوئی۔
اس موقع پر مولانا عارف رضا نعمانی مصباحی، مولانا عاصم القادری، مولانا مبشر خان مرکزی، ہاشم برکاتی، سید چاہت علی، مستقیم اور ادارے کے تمام طلبہ اور ذمہ داران موجود تھے۔