- اردو زبان و ادب کی ترویج و اشاعت ہماری اولین ترجیح۔ ڈاکٹر طاہرالدین طاہر
موتی ہاری: 12 ستمبر، ہماری آواز
فلاح اکیڈمی آفیسر کالونی چکیا میں بزم شعر و سخن کا دسواں ماہانہ طرحی مشاعرہ منعقد ہوا- رحمانیہ فاؤنڈیشن رمڈیہہ کے ڈائریکٹر الحاج مولانا رضاء الرحمن حیدری نے مشاعرہ کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو زبان اس ملک کی زبان ہے اور اس کی ترویج و اشاعت کی کوشش کرنی چاہیے- ڈاکٹر طاہر الدین طاہر نے کہا کہ اردو زبان دنیا کی اہم ترین اور شیریں زبان ہے- یہ ہماری تہذیب و ثقافت کی ترجمان ہے- اس کی خدمت کرنا ہماری اولین ترجیح ہے- عوامی اردو نفاذ کمیٹی کے ضلعی ترجمان سعید احمد قادری نے کہا کہ اردو اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اردو کی تعلیم پر توجہ دیں اور اسکولوں میں جو اسامیاں خالی ہیں اس پر اساتذہ کی بحالی کے لیے تحریک چلائی جائے- اردو آبادی کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگ بھی اس جانب توجہ دیں اور ہم اپنے بچوں کو بھی اس کی تعلیم دلائیں۔ شعرائے کرام کے کچھ منتخب اشعار قارئین کی نذر ہے۔۔۔۔
بخدا میں جان و دل سے ترے حسن پہ فدا ہوں
جو نہیں تجھے گوارا مجھے خاک میں ملا دے
سعید قادری
اپنا کلام موزوں آکے ابھی سنا دے
ایسا کہاں ہے کوئی جو تیری طرح مزا دے
ڈاکٹر طاہرالدین طاہر
ہو اگر تمہاری مرضی تو کرو قبول عرضی
مرے قلب مضطرب کو کوئی ساز ہی سنا دے
عاشق چمپارنی
وہ درد پیار کا جو پروان پر کبھی تھا
پھر سے وہ درد مرے سینے میں تو سجا دے
خاکی بتھلوی
ہے امیر, میر, غالب کی غزل سا خوبصورت
یہ ستارے ڈوب جائیں وہ کہیں جو مسکرا دے
کوثر مصباحی
مسند نشین ہو کے عاقب یہ کہ رہا ہے
سنسار بیچ ڈالوں ایسی مجھے کلا دے
عاقب چشتی
بے چین جان و دل ہے مجھے درد کی دوا دے
جو نہیں تجھے گوارا مجھے خاک میں ملادے
رضا چمپارنی
اے ساقی معظم رہنے دے جام و مینا
نظروں سے ہی پلا کر مری تشنگی بجھا دے
شبر چمپارنی
امن و امان قائم پھر سے ہو گلستاں میں
اے باغباں چمن میں گل پیار کا کھلادے
نیر چمپارنی
مشاعرہ کے کامیاب انعقاد میں فلاح اکیڈمی چکیا کے ڈائریکٹر مولانا شکیل احمد عزیزی و قاری علی احمد خان نے اہم کردار ادا کیا – اس موقع سے مولانا کوثر مصباحی, مولانا صابر علی حیدری, مولانا محبوب شبنم, مولانا عبدالخالق, ماسٹر رستم علی , سماجی کارکن تابش نیاز, مولانا علی رضا چکیا بلاک سکریٹری, مشاق گوہر چمپارنی, ماسٹر اسرار الحق, ماسٹر محی الدین, صحافی شکیل شاغل, محمد سلیم, الحاج خالد انور جیلانی اردو مترجم چکیا بلاک , مولانا محمد علی, حکیم محمد شاکر, مولانا حکیم آفتاب عالم قادری, مولانا عادل حسین مصباحی, ڈاکٹر ایچ اختر سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے۔
