دہلی

مسلمان آقا کی ذات مبارکہ پر انگشت نمائی کوکبھی بھی برداشت نہیں کرسکتا: مفتی سلمان ازہری

  • کھجوری میں دارالعلوم قادریہ سلطان العارفین کے زیر اہتمام تحفظ ناموس رسالت و راہ مدینہ کانفرنس کا انعقاد

نئی دہلی(محمد طیب رضا)
دارالعلوم قادریہ سلطان العارفین کے زیر اہتمام راجیو پارک کھجوری میں تحفظ ناموس رسالت و راہ مدینہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی سرپرستی علامہ سید شہزاد احمد مشاہدی (گونڈہ یوپی)،صدارت مفتی اشفاق حسین قادری اور قیادت قاری محمد عارف برکاتی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا سید قیصر خالد فردوسی نے انجام دئے۔اجلا س کا آغاز مفتی تنظیف رضا نے آیات قرآنی سے کیا۔بارگاہ رسالت مآب ﷺمیں منظوم نذرانہ قاسم شمسی، طاہر اشرفی ودیگر نے پیش کیا۔مہمان خصوصی کی حیثیت سے سیلم پور کے سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطیب خصوصی مفتی محمد سلمان ازہری (ممبئی) نے کہا کہ کوئی ہمیں اور ہمارے والدین کوگالی دے یہ تو برداشت کرسکتے ہیں مگر کوئی ہمارے آقا کی ذات مبارکہ پر انگشت نمائی کرے ہم کبھی بھی برداشت نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ افسوس ہوتا ہے اپنی قوم کے ان نوجوانوں پر جو جینے کا سلیقہ سیکھنے دوسروں کے دروازے پر جارہے ہیں جبکہ آقائے کریم کی حیات مبارکہ ایک بہترین نمونہ عمل ہے۔انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ نبی پاک کی گستاخی وہی کرسکتا ہے جس کی نسل میں خرابی ہو۔آج آپ مشاہدہ کرلیں کہ میرے آقا پر انگلی اٹھانے والوں کی اصلیت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان قید و بند کی صعوبتوں سے گھبرانے والا نہیں ہے۔اگر ناموس رسالت کی بات آجاتی ہے تو وہ سب کچھ بھول کر اپنے آقا کی محبت میں نکل پڑتا ہے۔پروگرام صلوٰۃ وسلام اورعلامہ سید شہزاد احمد مشاہدی کی دعا پر اختتام پذیر ہوا۔اہم شرکا میں مولانا سید انتظار علی،مولانا شکیل احمد جائسی،مولانا نعیم الدین مصباحی،مولانا فضل حق اسلمی،مولانا عبدالواحد قادری،قاری فرحان برکاتی،قاری مشتاق،مولانا گلزار،مولانا محمود مکی،مولاناحنیف برکاتی،مو لانا غلام محمد،سید ارسلان اعظم،شر ف نانپاروی اورقاری وارث وارثی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے