- غوثیہ مسجد نہال وہار میں ذکر شہدائے کربلا و جشن یوم آزادی کا انعقاد
نئی دہلی (محمد طیب رضا)
تاریخ کے اوراق شاہد ہیں کہ مساجد کے منبر و محراب ، مدارس کے در و دالان و خانقاہوں کے صحن و حُجرے سے ائمہ کرام ، علمائے مدارس و صوفیائے عظام نے ہر دور میں قومی یکجہتی ، حب الوطنی ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، امن و آشتی ، باہمی خیر سگالی ، آپسی رواداری ، اخلاق و کردار ، تحفظ وطن اور تعمیر ملت کا پیغام دیا ہے عصر حاضر میں نسل نو کے جذبہ حب الوطنی کا درجہ حرارت تیز کرنے کے لئے ضروری ہے کہ تحریک جنگ آزادی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہزاروں علماء مشائخ و عمائدین ملت کی عدیم المثال قربانیوں سے انہیں روشناس کرایا جائے ، انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ اپنے سیاسی مفاد کے لئے ایک مخصوص فرقے کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دے کر ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو مکدر کرنا چاہتے ہیں وہ اپنے ناپاک مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ہمارے ملک کی بنیاد ہی عدم تشد پر ہے ، مغربی دہلی کے نہال وہار کی غوثیہ مسجد میں گذشتہ روز منعقد ذکر شہدائے کربلا اور جشن ہوم آزادی کے موقع پر مسجد کے امام و خطیب مولانا قاری مصطفٰے رضا نوری بدایونی نے مذکورہ خیالات کا اظہار کہا ، خطیب خصوصی مولانا عبدالکریم بستوی پرنسپل دارالعلوم فیضان رضا بلجیت نگر نے اپنے خطبہ صدارت میں کہا کہ نواسہ رسول جگر کوشہ بتول سیدنا امام حسین کی قیادت میں جانثاران اسلام نے کرب و بلا میں یزیدی طاقتوں کے سامنے صبر و شکر کو کوہ گراں بن کر جو عظیم شہادت پیش کی دنیا آج بھی اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے ، الجامعہ الرضویہ شمس العلوم کے استاذ مولانا اقلیم رضا رضوی نے حب اہل بیت کو جان ایمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ظلم و جبر کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا اہل حق کا طرہ امتیاز رہا ہے امام عالی مقام نے کربلا میں جام شہادت نوش فرما کر اسلام کو ایسی حیات جاودانی عطا کردی کہ ظلم و تشدد کی تیز تند آندھیاں بھی صبح قیامت تک مذہب اسلام کے چراغ کو مدھم نہیں کرسکتیں ، انہوں نے کہا کہ ہم اگر واقعی سچے حسینی ہیں تو ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم ان کے نقوش قدم کو ائینہ حیات بنائیں ، اجلاس کی سرپرستی مولانا سید قیصر خالد فردوسی ، قیادت قاری اسرار احمد قادری نظامت مولانا اعجاز انصر ارریاوی اور تلاوت قاری عتیق رضا نے کی ، قاری فاروق رضا دہلوی ، قاری صدام حسین مظفر پوری ، ذیشان احمد ، محمد فیض اور طلبہ و طالبات نے حمد باری تعالیٰ ، نعت رسول ، مناقب اہل بیت اور قومی ترانے پیش کئے ، اراکین کمیٹی نصیر احمد فتحپوری ( صدر ) مسرور عالم گڈو ( سکریَری ) پرویز،اختر ( خازن ) اور سہراب بھائی وغیرہ نے اپنا خاص تعاون پیش کیا پروگرام کا اختتام تقسیم تبرک و مہمانوں کی ضیافت سے کیا گیا