سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا
ہم بلبلیں ہیں اس کی یہ….. گلستاں ہمارا
مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا
ہندی ہیں ہم وطن ہے….. ہندوستاں ہمارا
اقبال کوئی محرم اپنا نہیں جہاں میں
معلوم کیا کسی کو درد نہاں ہمارا
آج صبح بتاریخ ١٥/اگست ٢٠٢٢ء بمطابق ١٦/محرم الحرام ١٤٤٤ھ کو یوم آزادی کے موقع پر جامعہ اشرفیہ مختار العلوم عید گاہ گھسکی ٹولہ،بائسی،پورنیہ میں جشن یوم آزادی کی محفل کا انعقاد ہوا جس میں ادارہ کے اساتذۂ کرام و طلبۂ عظام اور عوام اہل سنت نے شرکت کی_
محفل کی سرپرستی عالم باعمل حضرت مولانا قاری ابو شمع اشرفی خطیب و امام غوثیہ جامع مسجد و مدرس ادارہ ہٰذا نے کی جبکہ نظامت و صدارت کی باگ ڈور ادارہ کے پرنسپل حضرت مولانا محمد شاداب رضا زعیمؔ مصباحی نے سنبھالی_
محفل کی ابتدا ادارہ ہٰذا کے درجہ اعدادیہ کے طالب علم حافظ تعلیم الدین نوری نے بزرگوں کی روش کو اپناتے ہوئے تلاوت کلام پاک سے کیا_ بعدہ نعت اور ترانۂ ہند ارمان زعیمی و تعلیم الدین نوری (متعلم جامعہ اشرفیہ مختار العلوم عید گاہ گھسکی ٹولہ) نے پیش کیے_
پھر خطابت کے لیے جامعہ اشرفیہ مختار العلوم عید گاہ گھسکی ٹولہ کے صدر المدرسين حضرت مولانا محمد شاداب رضا زعیمؔ مصباحی دام ظلہ العالی تشریف لائے_ حضرت کا عنوان یوم آزادی اور مجاہدین جنگ آزادی تھا_
اپنے مقررہ عنوان پر روشنی ڈالتے ہوئے حضرت نے آزادی کا حقیقی معنی و مفہوم بتایا نیز یہ فرمایا کہ ہندوستان کی تحریک آزادی کی تاریخ تین ادوار پر مشتمل ہے_ پہلے دور کو” اعتدال پسندوں کے دور” کہا جاتا ہے جس کی ابتدا ١٨٥٧ء سے ہوتی ہے اور انتہا ١٩٠٥ء پر ہوتی ہے_ دوسرے دور کو ” انتہا پسندوں کے دور ” کے نام سے جانا جاتا ہے _ اس کا آغاز ١٩٠٥ء سے ہوتا ہے اور اختتام ١٩١٩ء پر ہوتا ہے اور تیسرا ” گاندھیائی دور” ١٩١٩ء سے شروع ہوکر ١٩٤٧ء میں آزادی ہند پر ختم ہوجاتا ہے_
حضرت نے اپنے خطاب کے دوران ارشاد فرمایا کہ کہ انقلاب ١٨٥٧ء کے بانی اس وقت کے مسلمان علمائے کرام ہی تھے_ دہلی کی جامع مسجد میں فتواے جہاد جاری کرنے کے بعد ہی یہ انقلاب زور پکڑا تھا اور اخیر میں انگریزوں کو دھول چٹا کر وطن عزیز سے بھاگا کر ہی اس انقلاب نے دم لیا_
اخیر میں صلاۃ و سلام اور حضرت صدر المدرسين دام ظلہ کی دعا پر محفل کا اختتام ہوا اور شیرینی تقسیم کی گئی_
اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا ہے کہ مولی تعالیٰ وطن عزیز کو امن و امان اور چین و سکون کا گہوارہ بنائے اور اس کے اندر سے نفرت، عداوت، مذہبی منافرت اور بغض و حسد کا خاتمہ اور آپسی بھائی چارہ و اخوت و مودت کو بحال کرے۔
آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم
ذیشان احمد زعیمؔی
متعلم درجہ اولی جامعہ اشرفیہ مختار العلوم عید گاہ گھسکی ٹولہ،بائسی،پورنیہ (بہار)