اردو کی تعلیم پر میٹرک و انٹر کے طلباء دیں توجہ
موتی ہاری: میٹرک امتحان 2022ء کے اردو مضمون میں ستر فیصد سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے فیض اردو اکیڈمی کیسریا کے تقریبا درجنوں طلبہ و طالبات کو عوامی اردو نفاذ کمیٹی کی جانب سے اعزازیہ دیا گیا اور علاقہ کے مقتدر شخصیات کے ہاتھوں انعام و اکرام سے نوازا گیا- اس موقع سے کمیٹی کے ضلع ترجمان مولانا سعید احمد قادری نے کہا کہ ہرگاؤں محلہ میں اردو اسپیشل کوچنگ کا نظم ہونا چاہیے تاکہ میٹرک و انٹر کے طلبہ بآسانی اردو زبان و ادب کی تعلیم حاصل کرسکیں اور باضابطہ طور پر اس کے لیے بیداری مہم چلانے کی ضرورت ہے- کیونکہ ہماری نئی نسل اس پیاری زبان سے رفتہ رفتہ دوری اختیار کرتے جارہی ہے جو نہایت تشویشناک معاملہ ہے۔






اپگریڈ ہائی اسکول اردو کنڈوا کے پرنسپل و عوامی اردو نفاذ کمیٹی کے فعال و متحرک رکن ماسٹر ہدایت اللہ احسن چمپارنی نے کہا کہ اردو کی تعلیم تو ہمیں اپنے گھر سے ہی شروع کرنی چاہیے جو بچے ابتدائی طور پر ہی اردو کی تعلیم سے آشنائی حاصل کرلیتے ہیں آگے ان کے لیے کافی آسانی ہوتی ہے – ہمارے طلبہ اردو مضمون کی تعلیم لازمی طور پر حاصل کریں اور اسکول میں جو سہولیات ہیں اس کا فائدہ حاصل کیا جائے- گارجین حضرات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اردو کے تئیں بیدار رہیں اور اس کی تعلیم پر دھیان دیں- ماسٹر غلام مصطفیٰ حیدری نے کہا کہ اگر ہم نے اردو کی تعلیم و تربیت پر توجہ نہیں دی تو اسکول و کالج سے اردو کی اسامیاں ختم ہوتی چلی جائینگی اور سماج میں بےروزگاری بڑھے گی- ہم اپنے بچوں کو یہ بتائیں کہ اردو زبان کے توسط سے بھی روزگار کے بے شمار مواقع دستیاب ہیں اور ہرجگہ اس کی اہمیت مسلم ہے- اس موقع سے الحاج عدالت حسین خان, مولوی بشارت خان, حافظ کمال الدین,ماسٹر اشفاق, ماسٹر تحسین خان, قاری اشتیاق اصدقی کے ہاتھوں محمد آفتاب عالم,شاہد رضا,محمد ارمان, ساحل رضا خان, سیما خاتون, سازیہ پروین, شاہین نور, مسکان خاتون, تمناخاتون سمیت درجنوں طلبہ و طالبات کو انعام و اکرام سے نوازا گیا- اس موقع سے قاری بلال رضا بلالی, مولانا ناز قادری, قاری عبید رضا, حافظ محمد عالم, صحافی اشرف عالم, سعید احمد قادری, محمد ادریس, لال بابو, محمد نسیم سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے۔